حیدرآباد ، 28 نومبر (راست) سماعت سے محروم کرکٹر مرزا مظہر علی بیگ نے پہلی T-20 ورلڈ کپ کرکٹ چمپئن شپ فار ڈیف 2015ء میں شاندار آل راؤنڈ مظاہرہ پیش کرتے ہوئے ہندوستان کی خطابی فتح میں اہم رول ادا کیا ہے۔ بھرت نگر کرکٹ اکیڈیمی، سروودیا کنیا ودیالیہ، نئی دہلی میں منعقدہ ایونٹ میں انڈیا نے جمعرات کو فائنل میں بنگلہ دیش کو تین وکٹ سے ہرایا۔ بنگلہ ٹیم نے 114/7 اسکور کئے جس کے جواب میں میزبانوں نے 17 اوورز میں 115/7 کے ساتھ خطاب جیت لیا۔ اس میچ میں مظہر بیگ کا حصہ 17 رنز اور 2 وکٹیں رہا۔ اس سے قبل وہ سری لنکا اور پاکستان کے خلاف میچوں میں بھی ہندوستانی ٹیم کی طرف سے نمایاں رہے۔ مظہر نے سری لنکا کے 113 آل آؤٹ کے جواب میں ہندوستانی اسکور 115/3 میں 22 رنز بنانے کے علاوہ 2 وکٹ بھی لئے تھے۔ اسی طرح کٹر حریف اور طاقتور پاکستان کے مقابل بھی ہندوستانی جیت میں مظہر نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ پاکستان 79 آل آؤٹ کے جواب میں ہندوستان نے 81/2 پر میچ جیتا جبکہ مظہر نے نمایاں 31 رنز بنائے۔ انھیں ایک وکٹ بھی ملی۔ مظہر نے بنگلہ دیش کے خلاف لیگ مرحلے میں بھی بلکہ ایونٹ میں ہندوستان کے ہر میچ میں اچھا کھیلا۔ دس ممالک نے مسابقت کی جن میں آسٹریلیا، افغانستان، نیپال، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ شامل ہیں۔