ڈیزل پر 50 پیسے اضافہ، غیر سبسیڈی پکوان گیس پر 107 روپئے کمی

نئی دہلی /31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 50 پیسے کا اضافہ کیا، جب کہ غیر سبسیڈی والی پکوان گیس پر فی سیلنڈر 107 روپئے کی کمی کی ہے، جس کا اطلاق جمعہ کی نصف شب سے ہوگا۔ اس اضافہ میں مقامی سیلس ٹیکس یا ویاٹ شامل نہیں ہے۔ اصل اضافہ زیادہ ہوگا اور یہ ایک شہر سے دوسرے شہر میں مختلف ہوگا، تاہم غیر سبسیڈی والی پکوان گیس جس کو صارفین اپنے 12 سبسیڈیز والے سیلنڈروں کے کوٹہ کے بعد خریدیں گے، ان کے لئے فی سیلنڈر 107 روپئے کی کمی کی گئی ہے۔ بین الاقوامی شرحوں میں کمی کے باعث یہ اقدام کیا گیا۔ ڈیزل کی قیمت میں حکومت کے فیصلہ کے مطابق ہر ماہ 50 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جا رہا ہے۔

دہلی میں ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 57 پیسے اضافہ ہوگا، جس میں ٹیکس بھی شامل ہے۔ ممبئی میں ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 63-23 روپئے ہوگی۔ قیمت میں اضافہ کا اعلان کرتے ہوئے انڈین آئیل کارپوریشن نے کہا کہ گزشتہ جنوری میں 13 ویں مرتبہ قیمت میں اضافہ کے بعد بھی تیل کی کمپنیوں کو فی لیٹر 9-24 روپئے کا خسارہ ہو رہا ہے۔ سرکاری عہدہ داروں نے بتایا کہ پٹرول کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔ 14.2 کیلو گرام کے پکوان گیس سیلنڈر جو صارفین سبسیڈی والے 12 سیلنڈروں کے علاوہ خریدیں گے، اس کی قیمت اب دہلی میں 1241 سے گھٹ کر 1134 روپئے ہوگی۔ غیر گھریلو پکوان گیس کی شرح میں فی سیلنڈر 220 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ پکوان گیس کی قیمت سے آئی او سی کو فی سیلنڈر 65.60 روپئے کا نقصان ہوگا۔