نئی دہلی ۔ 28 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) رواں آئی پی ایل سیزن کے سب سے مہنگے کھلاڑی یوراج سنگھ نے ابھی تک اس لیگ میں وہ دھماکہ نہیں کیا جس کی اُن سے توقع ہے لیکن اُن کے دہلی ڈیرڈیولس کیپٹن جے پی ڈومینی نے اپنے اسٹار کھلاڑی کی مدافعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس ٹی ٹوئنٹی لیگ کے آخری مراحل میں بہتر مظاہرہ پیش کرسکتے ہیں۔ یوراج نے جنھیں 16 کروڑ روپئے میں دہلی فرنچائیز نے حاصل کیا ، سات اننگز میں 124 رنز بہ اوسط 17.71 اسکور کئے ہیں جس میں صرف ایک ہاف سنچری شامل ہے۔ آئی پی ایل کے سب سے مہنگے کھلاڑی نے اتوار کو رائل چیلنجرس بنگلور کے مقابل دہلی کی حوصلہ شکن 10 وکٹ کی شکست میں محض 2 رنز پانچ گیندوں میں بنائے ۔ ڈومینی کا احساس ہے کہ ٹیم کے استقلال سے عاری مظاہرے میں کسی ایک کھلاڑی کو مورد الزام ٹھہرانا درست نہیں۔ دہلی نے اپنے 7مقابلوں میں 4 ہار دیئے ہیں۔ ’’یوراج پر تنقید کردینا آسان ہے ۔ اُنھیں اب تک کے میچوں میں بہت زیادہ بڑے مواقع حاصل نہیں ہوئے اور میرے خیال میں وہ دیانتدار کھلاڑی ہیں ‘‘۔