ممبئی ۔ 2مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) آئی پی ایل کرکٹ میچ سیریز کے ابتدائی مرحلہ میں ناقص کھیل کا مظاہرہ کے بعد کامیابیوں کے ساتھ ابھرنے والی ٹیم دہلی ڈیر ڈیولس ( ڈی ڈی) کل ممبئی کے بدابورن اسٹیڈیم پر راجستھان رائلز ( آر آر ) کو شکست دیتے ہوئے اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھنے کی کوشش کرے گی ۔ ڈیر ڈیولس نے گذشتہ روز پیسر ظہیر خان اور طویل قامت نیتھن کولٹر نائیلکی شاندار بولنگ کی مدد سے کنگس الیون پنجاب کو 9وکٹس شے شکست دی تھی ۔ دوسری طرف راجستھان رائلز کو ممبئی انڈینس ( ایم آئی) کے ہاتھوں گذشتہ روز وانکھیڈے اسٹیڈیم میں 8رن سے شکست ہوگئی ۔ اس طرح حالیہ پانچ میچوں میںآر آر کی یہ تیسری شکست ہے ۔ ان میں وہ دو میچ بھی ہیں جو بارش کی نذر ہوگئے تھے ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ قسمت اب ڈیر ڈیولس کے حق میں کروٹ بدل چکے ہیں جو آٹھ کھیلوں میں چار کامیابیوں کے ساتھ پوائنٹس کے ٹیبل پر چوتھا مقام حاصل کرچکے ہیں ۔ ماضی میں یہی ٹیم ٹورنمنٹ کے 9میچوں میں مسلسل ناکامیوں کی تاریخ بنائی تھی ۔ انہوں نے 23اپریل کو رائل چیلجنرس بنگلور کے مقابلے 9وکٹس سے اہانت آمیز شکست کے بعد ابھرتے ہوئے گذشتہ روز کنگس الیون پنجاب کو شکست دی ۔ ڈیر ڈیولس کے دو بیٹسمین ممبئی کے شریاس ایئر اور کرناٹک رانچی کرکٹر مایانک اگروال نے انفرادی نصف سنچریوں کے ساتھ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تھا ۔
فاسٹ بولرس نیتھن کولٹر نائیل(4وکٹس ) اور ظہیر خان (2وکٹس) نے اپنی تباہ کن بولنگ کے ذریعہ پنجاب کنگس الیون کو محض 118 رن تک محدود رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا ۔ بالخصوص ظہیرخان نے ایک سال تک کھیل سے دور رہنے کے بعد گذشتہ روز بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا ۔ ڈیر ڈیولس کے کپتان جین پال ڈومنی بھی بہترین فارم میں ہیں جو رواں ٹورنمنٹ میں تاحال (220) رن بناچکے ہیں اور انہیں 8وکٹس بھی حاصل ہوئے ہیں ۔ اس طرح ڈیر ڈیولس نے کئی شعبوں میں اپنے کھیل کی اصلاح کی ہو لیکن یوراج سنگھ کے کھیل پر اس کی تشویش برقرار ہے جو سات اننگز میں 124 رن بنائے ہیں ۔ اس کے باوجود ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ڈیر ڈیولس کی حالت مستحکم ہوئی ہے جس کی بنیاد پر وہ کل کے میچ میں راجستھان سے اپنے شکست کا انتقام لینے کی کوشش کرسکتے ہیں ۔ 12اپریل کو فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈس پر کھیلے گئے میچ میں دہلی کو راجستھان نے تین وکٹس سے شکست دی تھی۔