ڈیرڈیولس اور رائل چیلنجرس کامیابی کیلئے کوشاں

نئی دہلی۔25اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) کے ایک میچ میں دہلی ڈیر ڈیولس ( ڈی ڈی) اور رائل چیلنجرس بنگلور ( آر سی بی ) کے مابین کل یہاں مقابلہ ہوگا ۔یہ دونوں ہی ٹیمیں اپنی حالیہ کامیابیوں کے بعد پُراعتماد اور بلند حوصلہ ہے اور کل کے مقابلہ میںبھی اپنی کامیابیوں کا سفر جاری رکھنے پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ ڈیر ڈیولس نے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینس کو شکست دیتے ہوئے اپنی 9لگاتار ناکامیوں کا سلسلہ ختم کیا ہے جبکہ آر سی بی گذشتہ شب احمدآباد میں راجستھان رائلز کو 9وکٹس سے سنسنی خیز شکست دیتے ہوئے کامیابی کے راستہ پر واپس ہوئی ہے ۔ آر سی بی کپتان ویراٹ کوہلی گذشتہ روز کی کامیابی کو گھر واپسی تصور کرتے ہیں اور انہیں ظاہر کی ہے کہ کل کی کامیابی نے ان کی ٹیم کو دوبارہ پُراعتماد اور بلند حوصلہ بنا دیا ہے ۔ آر سی بی اب تک کھیلے گئے پانچ میچوں کے منجملہ تین میں شکست سے دوچار ہوگئی تھی ۔ اس مرحلہ پر اس کو کم سے کم ایک کامیابی شدت سے مطلوب تھی جو کل حاصل ہوئی ۔دوسری طرف میزبان ڈیر ڈیولس اب تک کھیلے گئے چھ میچوں میں تین پر فتح حاصل کرچکے ہیں ۔بالکل جدید اسکواڈ پر مشتمل ڈیر ڈیولس نے گذشتہ سیزن میں ہی اپنے کھیل میں بہتری کا مظاہرہ کیا تھا چنانچہ کل کے میچ میں اُس کیلئے آر سی بی جیسی ٹیم سے بھی کوئی مسئلہ نہیں رہے گا ۔ ڈیر ڈیولس کو اپنے نوجوان بیٹسمین شریاس ایئر سے کافی امیدیں وابستہ ہیں جو 37.83 کے اوسط سے اس سیزن میں 227 رن بنا چکے ہیں ۔ کپتان جے پی ڈومینی بھی ان سے پیچھے نہیں ہیں

جو 207 رن بناچکے ہیں ۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ ڈیر ڈیولس ٹیم کے منیجرس کل کے میچ میں ایئر کے ساتھ کس نئے اوپنر کو بھیجتے ہیں کیونکہ مایانک اگروال لگاتار تین کھیلوں میں ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔ اسٹار کھلاڑی یوراج جو 20.33کے اوسط سے 122رن بناچکے ہیں اس مقام کی توقع کرسکتے ہیں ۔ لگ اسپنر عمران طاہر اور امیت مشرا ڈیر ڈیولس کا اثاثہ ہیں ۔ عمران طاہر 14.23رن کے اوسط سے 13وکٹ حاصل کرتے ہوئے اس ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ وکٹس لینے والے بولر بن گئے ہیں ۔ مشرا 25.83 رن کے اوسط سے تاحال چھ وکٹس حاصل کرچکے ہیں ۔ اس طرح آر سی بی کے اسپین محاذ پر سرکردہ بولر یزویندرا چاہل ہیںجو 14.90 رن کے اوسط سے تاحال 10وکٹس حاصل کرچکے ہیں ۔ بیٹنگ کے محاذ پر کرس گیل نے اگرچہ کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں کی لیکن کوہلی اور اے بی ڈی ویلئرس نے رائلز کے خلاف رفاقت میں 98 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے ۔