ڈیجیٹل چپ سے مربوط ای ۔ پاسپورٹس کی تجویز

آئندہ سال سے متعارف ، مرکزی حکومت کے اقدامات
حیدرآباد۔ 29ستمبر(سیاست نیوز) مرکزی حکومت آئندہ سال کی ابتداء میں  ای۔ پاسپورٹ روشناس کروانے کا منصوبہ رکھتی ہے اور ڈیجیٹل چپ سے مربوط پاسپورٹس جاری کئے جائیںگے۔مرکزی مملکتی وزیرامور خارجہ مسٹر وی کے سنگھ نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ای۔پاسپورٹ روشناس کروانے کے سلسلہ میں اقدامات جاری ہیں اور آئندہ سال پہلے مرحلہ کا آغاز کیا جائے گا۔ ای ۔ پاسپورٹ مکمل طور پر ڈیجیٹل پاسپورٹ ہوں گے جن میں مسافر کی تمام تر تفصیل درج ہوں گی۔ علاوہ ازیں اس ای۔پاسپورٹ کو موبائیل میں بھی محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ مسٹر وی کے سنگھ نے بتایا کہ موبائیل کے ذریعہ ای ۔ پاسپورٹ کے استعمال کا عمل اگلے مرحلہ میں شروع کیا جائے گا جبکہ آئندہ سال کے اوائل سے جو پاسپورٹ جاری کئے جائیں گے ان میں ایک مائیکرو چپ ہو گی جو مسافر کا مکمل ڈاٹا محفوظ کرے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملک میں جہاں کہیں درخواست گذار کو پولیس کی جانب سے تنقیح و تصدیق میں تاخیر ہو رہی ہے ان مقامات پر تیزی کے ساتھ الکٹرانک تنقیح و تصدیق کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس عمل سے پاسپورٹ کی اجرائی میں ہونے والی تاخیر میں تخفیف ہو گی۔ انہوں نے بیرون ملک ملازمتوں کے سلسلہ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک گھریلو خادمہ اور نرسس کی ملازمتوں پر تحدیدات عائد کی جا رہی ہیں تاکہ ہندستانی خواتین کو استحصال سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے سعودی عرب میں بے روزگار ہونے والے ملازمین کے اخراج و بقایا جات کی ادائیگی کے سلسلہ میں حکومت سعودی عرب کی جانب سے کئے جانے والے تعاون کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سعودی عرب اس سلسلہ میں ہندستانی متاثرین کی بھرپور مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے سعودی عرب میں ملازمت کی غرض سے جانے کے خواہشمندوں کو مشورہ دیا کہ وہ غیر مجاز راستے اختیار نہ کریں اور صرف حقیقی کمپنیوں کے ذریعہ ہی ملازمت کے لئے روانہ ہوں تاکہ کسی بھی طرح کی ہراسانی سے محفوظ رہ سکیں۔مسٹر وی کے سنگھ نے بتایا کہ وہ ای ۔ پاسپورٹ کے متعلقفی الحال اتنا ہی کہہ سکتے ہیں جبکہ آئندہ حکومت ای ۔ پاسپورٹ روشناس کروانے کیلئے عملی اقدامات کا جائزہ لے رہی ہے۔