بھوپال ،9 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کی بھوپال پارلیمانی سیٹ سے کانگریس امیدوار دگ وجے سنگھ نے آج بدعنوانی کے معاملے پر مرکزی حکومت کو گھیرتے ہوئے سوال کیا کہ ‘چوکیدار’ بدعنوانوں کا رکھوالا کیوں بن گیا ہے ۔مسٹر سنگھ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ 2014 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ‘نہ کھاؤں گا، نہ کھانے دوں گا’ کا وعدہ کیا تھا۔ ملک نے بھروسہ کیا، مگر 5 برس میں یہ وعدہ کئی مرتبہ ٹوٹا۔ آج وزیر اعظم کو رافیل ، پی این بی گھوٹالہ، نیرومودی، وجے مالیا کی وجہ سے جانا جاتا ہے ۔ چوکیدار بدعنوانوں کا رکھوالا کیوں بن بیٹھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 48 پراسرار اموات، ڈھائی ہزار سے زیادہ ملزم، دو ہزار سے زیادہ گرفتاریاں، افسر سے لے کر وزراء تک کے ملوث ہونے والے ویاپم گھپلے کی سی بی آئی جانچ مشتبہ کیوں ہے ۔ اثرو رسوخ رکھنے والے ملزم ایک کے بعد ایک کس طرح چھوٹ گئے ۔ کانگریس تحقیقات کر رہی ہے لیکن مرکز نے انصاف کیوں نہیں کیا۔