نئی دہلی ۔ 27 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس جنرل سکریٹریز ڈگ وجئے سنگھ اور مدھو سدن میستری اُن پانچ امیدواروں میں شامل ہیں جنھیں راجیہ سبھا کیلئے نامزد کیا گیا ہے تاہم سابق چیف منسٹر دہلی شیلا ڈکشٹ کے تعلق سے تجسس برقرار ہے ۔ پارٹی نے ہریانہ اور آسام سے امیدواروں کا ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ اگرچہ شیلا ڈکشٹ کو ہماچل پردیش یا ہریانہ سے نامزد کرنے کی اطلاعات گشت کررہی ہیں لیکن پارٹی نے کل وی ٹھاکر کو ہماچل پردیش سے نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے
اس طرح ساری توجہ ہریانہ پر مرکوز ہے ۔ ذرائع کے مطابق کانگریس ہائی کمان شیلا ڈکشٹ کو راجیہ سبھا امیدوار کے طورپر نامزد کرنے کے حق میں ہے جنھوں نے 15 سال بحیثیت چیف منسٹر دہلی خدمات انجام دی۔ اس دوران بی جے پی نے مہاراشٹرا سے اپنی واحد راجیہ سبھا نشست حلیف آر پی آئی لیڈر رام ادس اُٹاولے کو بطور تحفہ پیش کردی ۔ بی جے پی نے مابقی 5 امیدواروں کے نام کا اعلان کردیا ہے ۔ پارٹی نے کافی غور و خوض کے بعد رام داس اُٹاولے کو مہاراشٹرا سے راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس طرح بی جے پی ترجمان پرکاش جاوڈیکر کے تعلق سے قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا ، جن کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ اُنھیں دوبارہ نامزد کیا جاسکتا ہے ۔