ڈکیتی کی سازش ناکام ، چار افراد گرفتار

حیدرآباد /10 جنوری ( سیاست نیوز ) ٹاسک فورس پولیس نے ڈکیتی کی سازش کو ناکام بناتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے دو دیسی ساختہ بندوق اور دو کارتوں کو ضبط کرلیا ۔ کمشنر پولیس مسٹر انوراگ شرما نے یہ بات بتائی جو آج یہاں ایک پریس کانفرنس کو مخاطب تھے ۔ انہوں نے ان گرفتار افراد کو میڈیا کے روبرو پیش کیا ۔ جن کا تعلق ریاست اترپردیش سے بتایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 21 سالہ منیش کمار 24 سالہ امیت کمار 20 سالہ پون کمار اور 20 سالہ انیل کمار کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔

جن کا تعلق ضلع غاضی پور ریاست اترپردیش سے بتایا گیا ہے ۔ یہ لوگ روزگار کی تلاش میں شہر آئے تھے اور ناچارم میں واقعہ میک ڈول کمپنی میں مزدوری کا کام کر رہے تھے ۔ زیادہ پیسے کمانے کی آس میں انہو ںنے غلط راستہ اختیار کیا اور ایک ساتھی کو اترپردیش روانہ کیا اور ہتھیار حاصل کیا ۔انہوں نے ڈکیتی کا منصوبہ تیار کیا تھا تاکہ ڈکیتی کے ذریعہ بڑی رقم حاصل کی جاسکے ۔ تاہم اچانک ملزمین نے اپنا منصوبہ بدل لیا اور ہتھیاروں کو فروخت کرنے کی نئی سازش تیار کی اور اس سازش پر عمل آوری کے دوران وہ ٹاسک فورس کے جال میں پھنس گئے ۔ پولیس نے انہیں عدالتی تحویل میں دے دیا ہے ۔