ہمبنٹوٹا۔6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اوپنرس نروشن ڈکویلا (102) اور دانشکا گناتلکا (116) کی شاندار سنچریوں اور ان کے درمیان 229 رنز کی اوپننگ شراکت کی بدولت سری لنکا نے زمبابوے کو تیسرے ون ڈے میں آج آٹھ وکٹ سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔سری لنکا نے زمبابوے سے پہلا میچ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے دونوں میچ جیت لئے ہیں۔زمبابوے نے اوپنر ہیملٹن مسکادزا (111) کی سنچری کی بدولت50 اوورس میں آٹھ وکٹ پر 310 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا لیکن ڈکویلا اور گناتلکے کی سنچریوں نے مسکادزا کی محنت پر پانی پھیر دیا۔سری لنکا نے 47.2 اوورس میں دو وکٹ پر 312 رنز بنا کر یکطرفہ انداز میں میچ جیت لیا۔ڈکویلا اور گناتلکے نے پہلے وکٹ کے لئے 37 اوور میں 229 رنز کی بڑی شراکت کی۔ڈکویلا نے اپنے کیریئر کی پہلی ونڈے سنچری بنائی۔انہوں نے 116 گیندوں میں 102 رنز میں 14 چوکے لگائے ۔گناتلکے کی بھی یہ پہلی سنچری تھی ۔انہوں نے111 گیندوں پر116 رنز میں 15 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کوشل مینڈس نے ناٹ آؤٹ 28 اور اپل ترنگا نے ناٹ آؤٹ 44 رنز بنا کر سری لنکا کو رواں سیریز میں ایک اہم کامیابی دلوائی۔اس سے پہلے زمبابوے کی اننگز میں مسکادزا نے 98 گیندوں پر 15 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 111 رن بنائے ۔مسکادزا کی یہ پانچویں ونڈے سنچری تھی۔ سری لنکا کی جانب سے واندو ھنسارنگا اور اسیلا گنارتنے نے فی کس دو وکٹ لئے ۔