سلواڈور (برازیل) ، 14 جون (سیاست ڈاٹ کام) ڈیفنڈنگ چمپینس اسپین کو بری طرح شکست اور ذلت اٹھانی پڑی جبکہ نیدرلینڈز نے انھیں 51 سال میں اپنی بدترین ناکامی سے دوچار کردیا حالانکہ فاش غلطیاں کرنے والے ریفریوں نے فیفا ورلڈ کپ کے یہاں دوسرے روز خوشی سے سرشار کردینے والے ایکشن کی چکاچوند کو کسی حد تک ماند کیا۔ اسپین کو اب تک کی غیرمتوقع 1-5 کی ناکامی نیدرلینڈز کے مقابل برداشت کرنی پڑی، جو وہی ٹیم ہے جسے انھوں نے چار سال قبل ورلڈ کپ کے خطابی مقابلے میں شکست دے کر پہلی مرتبہ یہ ٹروفی جنوبی افریقہ میں جیتی تھی۔ گروپ B کا یہ میچ گول سے بھرپور ثابت ہوا جس میں ڈچ کے ویٹرنس روبن وان پرسی اور ارجن روبن جو دونوں 30 سال کے ہیں، دونوں نے وقت کو پیچھے کرتے ہوئے فی کس دو شاندار کوششیں کئے جن سے اسپینی کھلاڑی بدحال اور حیران ہوگئے۔
یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی دفاعی چمپئن ٹیم کو ہونے والی بدترین شکست ہے۔ ڈچ ٹیم نے عملاً ہولڈرز کے خلاف من مانی انداز سے کھیلتے ہوئے اپنی 2010ء ورلڈ کپ فائنل منعقدہ جوہانسبرگ کی شکست کا انتقام لے لیا جبکہ روبن وان پرسی اور ارجن روبن دونوں نے دو، دو گول اسکور کئے۔ اسٹیفان ڈی وریج اس گروپ کے ڈرامائی افتتاحی مقابلے میں ڈچ ٹیم کیلئے گول کرنے والے تیسرے اسکورر رہے۔ یہ اسپین کیلئے 1963ء کے بعد سے بدترین شکست ہے جب وہ اسکاٹ لینڈ کے مقابل 2-6 سے ناکام ہوگئے تھے۔ یہ 2002ء سے بھی پہلی بار ہے کہ ڈیفنڈنگ چمپینس نے اپنا پہلا میچ ہارا ہے۔ فرانس 2002ء میں سیول میں سنیگال کے مقابل 0-1 سے ناکام ہوا تھا لیکن اُن کا ایسا برا حال نہیں کیا گیا جیسا کہ اسپین کا اس مقابلے میں ہوا ہے۔
دوسرے روز کے دیگر میچوں میں میکسیکو نے فرسٹ ہاف میں دو متنازعہ آف سائیڈ فیصلوں کی تلخی کو فراموش کرتے ہوئے کیمرون کو گروپ A میں نٹال میں کھیلے گئے میچ میں 1-0 سے ہرایا جبکہ چلی نے کیوابا میں منعقدہ ایک اور گروپ B مقابلے میں آسٹریلیا کے مقابل 3-1 کی متاثرکن جیت درج کرائی۔ چلی کی کامیابی کا مطلب ہے کہ اسپین کا خطابی دفاع مشکل تر بن چکا ہے کیونکہ اُن کیلئے فرسٹ راؤنڈ سے آگے بڑھنا چیلنج رہے گا اور اگر وہ ایسا کرتے بھی ہیں تو انھیں 16 کے راؤنڈ میں طاقتور برازیل کے ساتھ کھیلنا پڑے گا۔ ایسے وقت جبکہ فٹبالرز ابھی تیاری ہی کررہے ہیں کہ ایک شاندار ٹورنمنٹ کو یقینی بنایا جائے،
کچھ چمک دمک غائب ہوچلی ہے جبکہ لگاتار دوسرے روز ریفریز متنازعہ فیصلوں کی بناء شہ سرخیوں کی زینت بن گئے۔ دو یوم میں دوسری بار ایک متنازعہ پنالٹی عطا کیا گیا، جس سے اسپین کو فائدہ ہوا، جبکہ دو آف سائیڈ فیصلے کافی سخت معلوم ہوئے، جس میں میکسیکو نقصان برداشت کرنے والی ٹیم دکھائی دی۔ نٹال میں گروپ A کے بارش کے درمیان کھیلے گئے میچ میں مضبوط عزائم والی میکسیکو ٹیم نے گرائب پیرالٹا کے سکنڈ ہاف میں واحد گول کے بل بوتے پر کیمرون کو 1-0 سے شکست دی۔ فرسٹ ہاف بناء گول ختم ہوا حالانکہ میکسیکو کی طرف سے گیند ایک سے زائد مرتبہ گول پوسٹ میں پہنچی لیکن فارورڈ گیوانی دوس سانتوس دو بار اسسٹنٹ ریفریز کی جانب سے متنازعہ آف سائیڈ فیصلوں کا شکار ہوگئے۔ تاہم استقلال کا فائدہ ہوا اور پیرالٹا کی 61 ویں منٹ کی اسٹرائیک نے میکسیکو کو ورلڈ کپ فائنلس میں پہلی مرتبہ افریقی ٹیم کو شکست دینے میں مدد دی۔ دیگر گروپ B میچ میں چلی نے کیوابا میں آسٹریلیا کو 3-1 سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل میں نیدرلینڈز کے ساتھ شمولیت اختیار کرلی۔ چلی کی متاثرکن جیت کی بنیاد الیکسیس سانچیز اور جارج والدیویا کے ابتدائی اسٹرائیکس نے رکھی۔