محبوب نگر۔/21مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محبوب نگر، حیدرآباد اور رنگاریڈی حلقہ گریجویٹس ایم ایل سی کے انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے ضلع انتظامیہ چوکس رہے۔ الیکشن کمیشن کے ڈپٹی کمشنر شریمتی دیورسینا نے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر آئی ڈی کارڈ کے ساتھ الیکشن کمیشن نے جن 9آئیٹمس کی نشاندہی کی ہے جیسے پاسپورٹ، آدھار کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، پیان کارڈ، سرویس کارڈ، ڈگری سرٹیفکیٹ، معذوری کا سرٹیفکیٹ میں سے کوئی ایک پیش کرتے ہوئے حق رائے دہی سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کو ضلع ایس پی وشوا پرساد ، ڈی آر او ررام کشن نے واقف کرایاکہ ضلع میں انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پولنگ اسٹاف کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے اور ان کو ٹریننگ بھی دی گئی ہے۔ انتخابی میدان میں 31امیدوار ہیں اور اس مرتبہ بھی نو ٹا ووٹ کی سہولت ہے۔ ضلع میں 114 انتخابی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ ویڈیو کانفرنس میں اسپیشل برانچ ڈی ایس پی رامیشور، پربھاکر راؤ، ذاکر علی و دیگر موجود تھے۔