نارائن پیٹ۔/4جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلم ریزرویشن فرنٹ کے ریاستی صدر جناب محمد افتخار الدین احمد کی قیادت میں ریاستی سکریٹری جناب محمد ابرار الدین ایڈوکیٹ ( رکن بلدیہ نارائن پیٹ ) و دیگر نے ریاستی نائب وزیر اعلیٰ جناب محمد محمود علی سے حیدرآباد میں ان سے ملاقات کرتے ہوئے تلنگانہ کے اقلیتی اقامتی اسکولوں میں مقامی افراد کو ملازمتوں پر تقرر کرنے کا مطالبہ کیا۔ ریاست تلنگانہ میں 71 اقلیتی اقامتی اسکول قائم کئے گئے ہیں۔ تاہم ان اسکولوں میں ٹیچنگ و نان ٹیچنگ اسٹاف کے لئے غیر مقامی افراد کا تقرر عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا گیا کہ تقررات میں شفافیت اور اہل افراد کیلئے رہنمایانہ اصول مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقررات کے سلسلہ میں جو طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے اس پر اعتراض کیا اور تحقیقات کرتے ہوئے سرے سے تقررات عمل میں لانے اور مقامی افراد کو ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ نائب وزیر اعلیٰ نے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں سے بات کرنے اور اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے نمائندگی کا تیقن دیا۔