ناگرکرنول /5 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاستی وزیر مسٹر جے کرشنا راؤ کی جانب سے کولاپور میں اہتمام کردہ دعوت افطار میں شرکت کیلئے جانے والے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ عالیجناب محمد محمود علی نے ناگرکرنول میں تھوڑی دیر توقف کرتے ہوئے مسجد محفوظ بن محفوظ متصل وقف کامپلکس میں نماز عصر ادا کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے ہمراہ ناگرکرنول سے گذرنے پر مقامی رکن اسمبلی مسٹر مری جناردھن ریڈی ، ٹی آر ایس کے ریاستی قائد جے رگھونندن ریڈی نے ان کا پرجوش استقبال کیا ۔ نماز عصر کی ادائیگی کے بعد مسجد محفوظ بن محفوظ میں منعقدہ مختصر سی تقریب میں انتظامی کمیٹی مساجد ناگرکرنول کے صدر جناب محمد عبدالحفیظ خان نقشبندی القادری ، نائب صدور جناب شیخ یعقوب بن عثمان باوزیر ، محمد فضل احمد خان ، سعادت شریف ، معین الدین ، معتمد شیخ مسعود ، محمد ابراہیم ، محمد صادق پاشاہ نقشبندی ، ائمہ و موذنین کی جانب سے مولانا محمد عبدالحق نقشبندی ، شیخ فرید احمد فرید ، ٹی آر ایس میناریٹی سیل کے قائد جناب محمد حنیف ، عبدالرحیم ، خواجہ خان و دیگر نے ڈپٹی چیف منسٹر کی بکثرت گلپوشی کی ۔ اس موقع پر جناب محمد عبدالحفیظ خان نقشبندی صدر مساجد کمیٹی نے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کی جانب سے مستقر کے جامع مسجد کی تعمیر و تزئین کیلئے 30 لاکھ ، عید گاہ جدید ناگرکرنول سے متصل 2 ایکر 21 گنٹہ اراضی فراہم کرنے کے احکامات پر اظہارتشکر کیا۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے ائمہ ومؤذنین کو ایک ہزار روپئے فراہم کرنے پر ائمہ و مؤذنین نے تشکر کا اظہار کیا۔