ڈپٹی سروے انسپکٹر رشوت لیتے ہوئے گرفتار

کاماریڈی۔8؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)اے سی بی کے عہدیداروں نے 20ہزار رشوت حاصل کرتے ہوئے ڈپٹی سروے انسپکٹر سروے اینڈ ریکارڈس وینکٹیشورلو کو کل رات رنگے ہاتھ گرفتار کرلیا یہ واقعہ کل رات آرڈی او آفس کے احاطہ میں پیش آیا۔ اے سی بی ڈی ایس پی مسٹر سنجیو راؤ نے بتایاکہ دومکنڈہ منڈل سے تعلق رکھنے والے ایس شنکر بھکنور منڈل کے جنم پلی سروے نمبر836, 837,838 دو ایکڑ زمین واقع ہے اور اس اراضی کی سروے کرنے کیلئے گذشتہ سال آرڈی او آفس میں درخواست گذاری کی اور 15ماہ کا عرصہ گذرنے کے باوجود بھی سروے اینڈ لینڈ ریکارڈ کے عہدیدار سروے کرنے سے ٹال مٹولی کررہے ہیں اور 40ہزار روپئے کی رشوت طلب کرتے ہوئے ایک گنٹہ کو ایک لاکھ روپئے قیمت آرہی ہے تو جملہ اراضی کی 40ہزار دینے میں کیا اعتراض ہے

جس پر متعلقہ کسان نے اے سی بی سے شکایت کی اور ڈپٹی انسپکٹر سروے اینڈ لینڈ ریکارڈ کو 20ہزار روپئے دینے کا معاہدہ کرتے ہوئے 20ہزار روپئے کل رات آر ڈی او آفس کے احاطہ میں واقع سروے اینڈ لینڈ ریکارڈ آفس پہنچ کر وینکٹیشور لو کے حوالے کرنے پر اے سی بی ڈی ایس پی سنجیو راؤ نے رنگے ہاتھ پکڑ لیا ۔ اس موقع پر سنجیو راؤ نے صحافیوںکو بتایاکہ اراضی کے سروے کیلئے رشوت طلب کرنے پر کسان شنکر اے سی بی سے رجوع ہونے پر اے سی بی عہدیداروں نے منصوبہ بند طریقہ سے رشوت حاصل کرتے ہوئے وینکٹیشور راؤ کو گرفتار کرلیا اور اے سی بی کورٹ میںپیش کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ ضلع نظام آباد میں اب تک 38کیس درج کئے گئے ہیں اور 2014ء میں یہ پہلا کیس ہے اگر کوئی بھی سرکاری عہدیدار رشوت کا مطالبہ کرنے پر اے سی بی سے رجوع ہونے کی صورت میں اس کی مدد کی جائے گی ۔