نئی دہلی ۔4اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے تقریباً 21ویٹ لفٹرس کو ممنوعہ مواد کے استعمال کے معائنوں میں مثبت پائے جانے کے بعد عبوری طور پر معطل کردیا گیا ۔ یہ واقعہ حالیہ برسوں کے دوران ڈوپنگ کا سب سے بڑااسکینڈل سمجھا جارہا ہے ۔ معائنوں میں مثبت پائے جانے والوں میں مختلف چمپئن شپس حاصل کرنے والے ایسے کئی ویٹ لفٹرس ہیں جن میںچند ہنوز مقابلوں میں برقرار ہیں اور چند سبکدوش ہوچکے ہیں لیکن ان میں ایسے خاطیوں کی اکثریت ہے جنہوں نے اس سال جنوری کے دوران یمنا نگر میں منعقدہ نیشنل یوتھ اینڈ جونیئر ویٹ لفٹنگ چمپئن شپس میںحصہ لیا تھا ۔ انڈین ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کے سکریٹری جنرل مہادیو یادو نے کہا کہ ’’ جی ہاں 21لفٹرس کے معائنے مثبت ہیں اور انہیں عارضی طور پر معطل کیا جارہا ہے ۔ تاوقتیکہ ان کے دوسرے نمونوں کے مقائنوں کے نتائج دستیاب نہیں ہوجائے ۔ ان کے دوسرے نمونوں کا انتظار کیا جارہا ہے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ یہ حالیہ برسوں کا سب سے بڑا واقعہ ہے لیکن اس بات پر بھی غور کرنا چاہیئے کہ ان میں یونیورسٹیز ‘ پولیس گیمس اور ریلویز کے لفٹرس بھی شامل ہیں‘‘۔