جوہانسبرگ۔ 30جون (سیاست ڈاٹ کام)جنوبی افریقی کرکٹر فاف ڈو پلیسی کی بروقت انگلینڈ واپسی متوقع ہے اور روشن امکان ہے کہ وہ انگلینڈ پہنچ کر لارڈز ٹسٹ میں اپنی ٹیم کی قیادت کر سکیں گے۔ وہ نجی مصروفیات کے سبب وطن واپس لوٹ گئے تھے لیکن ان کی اہلیہ ایماری نے بیٹی کو جنم دیا جس کے بعد ان کے پاس اتنا وقت ہے کہ دوبارہ انگلینڈ پہنچ کر اپنی ٹیم کی قیادت کر سکیں۔ ان کی عدم موجودگی میں ٹور میچز کے دوران ڈین ایلگر قیادت کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
اسمتھ نے ڈینی سے منگنی کرلی
سڈنی۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیمپئنز ٹرافی میں ناکامی اور معاوضوں کے تنازعہ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آسٹریلیائی کپتان اسٹیون اسمتھ نے اپنی پانچ سالہ رفاقت کو منگنی میں تبدیل کرلیا ہے اور انہوں نے قانون کی طالبہ ڈینی ولس سے نئے رشتے کو منظر عام پر لانے سے بھی گریز نہیں کیا۔اسمتھ نے گھٹنے کے بل بیٹھ کر ڈینی ولس کو انگوٹھی پیش کی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔ نیویارک اسکائی لائن پر موجود جوڑے نے اپنی ایک تصویر بھی انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شائع کی ہے جس میں ڈینی ولس کی انگلی میں منگنی کی بیش قیمت انگوٹھی نمایاں ہے۔