ڈربن ۔ یکم ؍ فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کیلئے فاف ڈوپلیسی نے کپتانی اننگس کھیلنے کے علاوہ ہندوستان کے خلاف دوسری اور اس میدان پر بھی دوسری سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو ہندوستان کے خلاف یہاں پہلے ونڈے میں 269/8 رنز کے معقول اسکور تک پہنچایا کیونکہ ایک موقع پر ٹیم 134 رنز پر اپنے پانچ وکٹ گنوا چکی تھی۔ اس موقع پر ڈوپلیسی نے آل راونڈر کریس موریس اور فیلو ویو کے ساتھ مل کر چھٹی اور ساتویں وکٹ کیلئے نصف سنچریوں کی پارٹنر شپ بھی نبھائی۔ ڈوپلیسی نے 112 گیندوں میں 8 چوکوں اور دو چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 120 رنز اسکور کئے اور وہ اننگز کے آخری اوور میں بھونیشور کمار کا نشانہ بنے۔ دیگر بیٹسمینوں میں موریس نے 43 گیندوں میں 37 رنز اور اوپنر ڈی کاک نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈوپلیسی نے اپنے کیریئر میں نویں ونڈے سنچری اسکور کی ہے۔ ہندوستان کیلئے اسپنرس یوزویندرچہل اور کلدیپ یادو کی جوڑی نے 20 اوورس میں 79 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کرتے ہوئے درمیانی اوور میں ہندوستان کیلئے بہتر رول ادا کیا۔ یادو کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 34 رنز کے عوض دو جبکہ چہل نے 45 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ کمار کو 71 رنز کے عوض ایک اور بمرا کو 56 رنز کے عوض ایک وکٹ ملی جبکہ ہاردک پانڈیا 7 اوورس میں 41 رنز دیئے۔