بیجنگ۔ 13؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ برازیل فٹبال ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی کاکا نے کہا ہے کہ ٹیم کے کوچ ڈونگا برازیل کو سنہری دور دوبارہ دلوا سکتے ہیں۔ برازیل فٹبال ٹیم ارجنٹینا سے دوستانہ میچ کے لئے چین کے شہر بیجنگ میں موجود ہے۔ اس موقع پر کاکا نے مزید کہا ہے کہ ڈونگا کا برازیل ٹیم کے ساتھ شاندار ماضی ہے اور اُمید کی جاسکتی ہے کہ وہ ٹیم کا سنہری دور واپس دلائیں گے۔ کاکا تقریباً دیڑھ سال بعد برازیل ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ڈونگا کے آنے سے ٹیم میں مثبت اثرات پڑے ہیں۔ کاکانے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال میں اچھا وقت آتا ہے اور جاتا جلدی ہے۔ اگر ہم نے اچھا کھیلا تو وہ وقت جلد واپس آئے گا۔ ڈونگا ہی وہ شخص ہیں جو برازیلی ٹیم کو بچانے کا انتظام کرسکتے ہیں، جیسے انھوں نے 2010ء میں کیا تھا۔ برازیل کی ٹیم نے ڈونگا کی کپتانی میں1994ء کا ورلڈ کپ جیتا اور 1996ء میں ٹیم کے کوچ منتخب ہوئے تھے۔