ڈومینی کی ایشیاء میں پہلی سنچری ‘ جنوبی افریقہ 455/9d

گال۔17جولائی ( سیاست ڈاٹ کا م ) جے پی ڈومینی نے نمبر 8پر بیٹنگ کرتے ہوئے ایشیاء میں اپنے کریئر کی پہلی اور مجموعی طور پر ٹسٹ میں چوتھی سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو نازک صورتحال سے باہر نکالتے ہوئے مستحکم موقف میں لاکھڑا کیا ہے ۔ ڈومینی نے 206گیندوں میں 10چوکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 100رنز اسکور کئے جس کے بعد کپتان ہاشم آملہ نے پہلی اننگز 455/9پر ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سری لنکائی بیٹسمینوں کو پہلے ٹسٹ کے دوسرے ہی دن 12اوورس کی بیٹنگ کے لئے مدعو کیا جس میں میزبان ٹیم نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 30رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ اوپنر اوپل تھرنگا نے 40گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 20رنز اسکور کئے جس میں 4چوکے شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں ساتھی اوپنر کاؤشل سلوا نے 33گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 8رنز اسکور کئے ہیں ۔

جنوبی افریقہ کیلئے ڈیل اسٹین نے 4اوورس کی بولنگ میں 4‘ جب کہ ورنان فیلنڈر نے تین اوورس میں 9رنز دیئے ۔ تیسرے فاسٹ بولر مورنی مورکل نے تین اوورس میں چار رنز دیتے ہوئے میزبان بیٹسمینوں کو آزادی سے رنز بنانے نہیں دیئے ۔ ٹیم میں شامل اسپنر عمران طاہر کے دو اوورس میں 12رنز اسکور کئے گئے ۔ جنوبی افریقہ کیلئے آج جے پی ڈومینی اسٹار کھلاڑی ثابت ہوئے کیونکہ جس موقع پر وہ بیٹنگ کیلئے میدان میں پہنچے اُس وقت افریقی ٹیم 290/6 کی نازک صورتحال میں تھی لیکن انہوں نے فیلنڈر کے ہمراہ آٹھویں وکٹ کیلئے 75رنز اور 9ویں وکٹ کیلئے مورنی مورکل کے ہمراہ 66رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو مستحکم موقف دیا ہے ۔

ڈومینی کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے سری لنکا میں اپنا دوسرا اعظم ترین اسکور بنایا ہے ۔ ڈومینی کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹسمین کیونٹن ڈیکاک نے اپنے ٹسٹ کریئر کی پہلی نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو آج کے ابتدائی سیشن میں 300رنز کا نشانہ عبور کروایا ۔ ڈیکاک نے 90گیندوں میں 6چوکوں کی مدد سے 51رنز اسکور کئے ۔ جنوبی افریقہ نے اپنے کل کے اسکور 268/5سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن اسے پہلا نقصان کل کے نائٹ واچمین ڈیل اسٹین کی شکل میں جلد ہی برداشت کرنا پڑا جو کہ 20گیندوں میں 3رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ سری لنکا کو اس پہلی وکٹ کے حصول کے بعد ایک اور وکٹ کیلئے کافی جدوجہد کرنی پڑی ۔ میزبان ٹیم کیلئے دلروان پریرا نے 162رنز کے عوض 4اورلکمل نے 75رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔