ڈومینی ورلڈکپ کے بعد ونڈے سے سبکدوش ہوجائیں گے

جوہانسبرگ۔16مارچ (سیاست ڈاٹ کام)جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر جے پی ڈومینی ورلڈ کپ کے بعد ونڈے کرکٹ سے سبکدوش ہوجائیں گے۔آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ 30 مئی سے انگلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ ڈومینی نے پہلے ہی ٹسٹ اور فرسٹ کلاس کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی ہے۔ ونڈے سے کنارہ کشی کے باوجود وہ ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ کھیلیں گے۔ڈومینی نے کہاکہ گزشتہ چند ماہ میں مجھے یہ موقع ملا کہ میں اپنے کیریئر کے بارے میں دوبارہ غورکروں اور اپنے مستقبل کے نئے اہداف طے کروں۔انہوں نے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی بھی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے فیصلے کبھی آسان نہیں ہوتے ہیں لیکن میرا خیال ہے کہ اب وقت آگیا ہے جب نئی نسل کو موقع دیا جائے۔ میں اگرچہ بین الاقوامی اور گھریلو ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں دستیاب رہوں گا لیکن ساتھ ہی زیادہ وقت اپنے خاندان کے ساتھ گزاروں گا۔ ڈومینی نے جنوبی افریقہ کے لئے 46 ٹسٹ کھیلے ہیں جس میں چھ سنچریاں اور آٹھ نصف سنچری سمیت 2103 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے 193 ونڈے میچوں میں 5407 رنز بنائے ہیں اور 68 وکٹ بھی لئے ہیں۔