ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری کے بغیر ورلڈ چیمپین بننا نا ممکن:عمران خان

کراچی ۔26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کی فتح کو 25 سال مکمل ہونے پر عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری نہیں لائی جاتی اس وقت تک ٹیم دوسرا ورلڈ کپ نہیں جیت سکتی۔ عوام کے نام اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ہم ملک میں باصلاحیت کھلاڑیوں کے موجود ہونے کے باوجود ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ نہیں جیت سکتے، کیونکہ ہم نے کبھی ڈومیسٹک سطح پر کرکٹ کی بہتری کی کوشش نہیں کی۔ٹیم کو عالمی چیمپین بنانے والے کپتان عمران خان نے مزید کہا کہ کسی بھی قوم کو صرف اس وقت شکست ہوتی ہے جب اس کا خود پر سے یقین اٹھ جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ  اس وقت ہماری ٹیم نئی تھی لیکن اس کے باوجود ہم نے فتح حاصل کی جس کی واحد وجہ یہ تھی کہ ہم نے اپنے ڈر سے شکست کھانے کی بجائے آخری دم تک لڑنے کا فیصلہ کیا۔