ڈوبتی معیشت، بینک فراڈ ،مفرور دھوکے باز بی جے پی کا ’نیو انڈیا‘

l وزیر فینانس جیٹلی مفاد کے تضاد کے مرتکب ، مستعفی ہوجانا چاہئے
l جیٹلی کے بیٹی داماد نے میہول چوکسی سے 24 لاکھ روپئے کی ریٹینرشپ وصول کی
l سچن پائلٹ و دیگر کانگریس قائدین کی پریس کانفرنس

نئی دہلی ، 22 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج مودی حکومت کو دھوکے بازوں کے ساتھ سازباز کرلینے کا مورد الزام ٹہرایا جو ملک سے فرار ہوگئے اور ’’مفاد کے تضاد‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیر فینانس ارون جیٹلی کو برطرف کردینا چاہئے کیونکہ اُن کی بیٹی اور داماد جو دونوں وکیل ہیں، انھوں نے مفرور میہول چوکسی سے مبینہ طور پر 24 لاکھ روپئے کی ’ریٹینرشپ‘ وصول کی ہے۔ جنوری 2018ء تک 44 ماہ میں مودی حکومت میں عدیم النظیر 19,000 ’بینک فراڈ کیسیس‘ دیکھنے میں آئے جو 90,000 کروڑ روپئے سے متعلق ہیں، کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے پارٹی رفقاء راجیو ساتو اور سشمیتا دیو کے ساتھ پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ انھوں نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ 23 دھوکے باز ملک کو زائد از 53,000 کروڑ روپئے کا ’چونا لگانے‘ کے بعد حکومت کی نظروں کے سامنے ہندوستان سے فرار ہوگئے۔ پائلٹ نے کہا کہ ڈوبتی معیشت، بینک دھوکے اور مفرور دھوکے باز بی جے پی۔ جیٹلی کے ’نیو انڈیا‘ کا حصہ ہیں اور مطالبہ کیا کہ وزیر موصوف کو اخلاقی بنیادوں پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔ وجئے مالیا، للت مودی، نیروو مودی، میہول چوکسی اور دیگر کا متواتر فرار ہونا عکاسی کرتا ہے کہ مودی حکومت ’عوامی رقم‘ کی چوکیدار نہیں بلکہ ’ٹراویل ایجنسی‘ ہے جو دانستہ بینک دھوکہ بازوں کو دھوکہ دینے، بھاگنے اور بیرونی ساحلوں تک پرواز کرنے میں مدد دیتی ہے۔ پائلٹ نے الزام عائد کیا کہ ارون جیٹلی مرکزی وزیر فینانس اور کارپوریٹ امور ہیں اور اُن کی بیٹی سونالی جیٹلی اور داماد جئیش بخشی ڈسمبر 2017ء میں میہول چوکسی کی دھوکے باز کمپنی گیتانجلی جیمز سے 24 لاکھ روپئے کی ریٹینرشپ قبول کئے۔ تاہم، جیٹلی کے داماد نے قبل ازیں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی لا فرم نے ریٹینرشپ اسی وقت واپس کردی جب انھیں جانکاری ملی کہ وہ کمپنی ایک اسکام میں ملوث ہے۔ تینوں کانگریسی قائدین نے ایک بیان میں استفسار کیا کہ آیا یہ وزیر فینانس ارون جیٹلی کے معاملے میں گٹھ جوڑ، سازباز اور مفاد کے تضاد کا واضح کیس نہیں ہے؟ کیوں وزیر فینانس جیٹلی، ان کی بیٹی اور ان کے داماد کو سی بی آئی؍ ایف ڈی؍ ایس ایف آئی او کی جانب سے نہ طلب کیا گیا اور نا ہی پوچھ گچھ کی گئی ہے؟ کیا یہ موزوں معاملہ نہیں کہ ارون جیٹلی کو برطرف کرکے مکمل آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں؟ پائلٹ اور دیگر قائدین نے یہ جاننا بھی چاہا کہ کیوں میہول چوکسی، نیروو مودی، گیتانجلی جیمز لمیٹیڈ اور دیگر کے خلاف کئی ایف آئی آر اور شکایات ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انھوں نے دریافت کیا کہ کس نے انھیں بچایا ہے؟کیوں وزیر فینانس جیٹلی کے بیٹی اور داماد کو میہول کی گیتانجلی جیمس لمیٹیڈ کی جانب سے کوئی کام کئے بغیر 24 لاکھ روپئے ادا کئے گئے ، جیسا کہ خود اُنھوں نے اعتراف کیاہے ؟ چیمبرس آف جیٹلی اینڈ اسوسی ایٹس کے اور کون کلائینٹس ہیں جو لاکھوں روپئے کی ریٹینرشپ ادا کررہے ہیں اور کیوں اُن کے ناموں اور محصلہ رقومات کو منظرعام پر نہیں لایا گیا ۔ جب میہول چوکسی ؍ نیرو مودی کو ادا شدنی رقم کے ساتھ لوگ آگے آئے اور یہ رقم حکومت کے پاس جمع کردی کیونکہ وہ دھوکہ کے ساتھ فرار ہوچکے تھے ، تو پھر کیوں وزیر فینانس جیٹلی کی بیٹی اور اُن کے داماد نے کمپنی کے اکاؤنٹ میں 24 لاکھ روپئے دوبارہ جمع کرادیئے جس نے بینکوں اور لوگوں کو 26,306 کروڑ روپئے کا دھوکہ دیا ہے ؟ یہ سب انھوں نے کیوں چھپایا ؟کانگریس قائدین نے کہا کہ مودی حکومت عام لوگوں کے مقابل دھوکہ دینے والوں کی زیادہ وفادار ہے ۔