ڈنڈیگل میں ایک شخص کا بہیمانہ قتل ‘ بیوی گرفتار

حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) ڈنڈیگل علاقہ میں پیش آئی قتل کی واردات میں ایک شخص کا بہیمانہ طور پر قتل کردیا گیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ بیوی نے اپنے شوہر کا قتل کیا ہوگا۔ پولیس کے بموجب 48 سالہ بی بھاسکر متوطن ضلع میدک کی شادی ساوتری عرف سندھیا سے 25 سال قبل ہوئی تھی اور ان دونوں کو ایک لڑکا اور ایک لڑکی ہیں۔ بھاسکر پیشہ سے مزدور تھا اور 26 مارچ کو اپنی بیٹی کے سسرال واقع ڈنڈیگل آیا تھا۔ آج صبح بھاسکر کی نعش ڈنڈیگل علاقہ کی کٹہ مائسماں جھیل سے برآمد ہوئی۔ پولیس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر مقام واردات کا معائنہ کیا اور ابتدائی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا کہ مقتول کے سر پر وزنی پتھر ڈال کر اس کا قتل کیا گیا۔ پولیس نے مقام واردات پر ڈاگ اسکواڈ کو بھی طلب کیا اور اس ٹیم کے کتوں نے بیوی سندھیا کی طرف اشارہ کیا۔ پولیس نے سندھیا کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا اور قتل کا ایک مقدمہ درج کرکے نعش کو گاندھی ہاسپٹل منتقل کیا۔