ڈمبولا میں ناقص انتظامات پر سری لنکا معذرت خواہ

آسٹریلیا کو تیسرے ونڈے میں کامیابی پر سیریز میں 2-1 سے سبقت
ڈمبولا ، 29 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکن کرکٹ نے آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ونڈے کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں آنے والے تماشائیوں کو کنٹرول کرنے میں ناکامی اور ناقص انتظامات پر معافی مانگ لی ہے۔ اتوار کو آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان ڈمبولا میں تیسرا او ڈی آئی میچ کھیلا گیا جہاں 18ہزار تماشائیوں کی گنجائش کے حامل رنگیری اسٹیڈیم میں 45ہزار تماشائی امڈ آئے۔ اس موقع پر عجیب و غریب مناظر دیکھنے کو ملے جہاں میچ کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے چین شائقین گراؤنڈ کے اطراف موجود چھتوں، دیواروں پر چڑھے نظر آئے جبکہ اس دوران ناقص انتظامات کے سبب چند تماشائی اسٹیڈیم کے وی آئی پی انکلوژر اور پریس باکس میں بھی گھس آئے جس کی وجہ سے وہاں موجود افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سری لنکن کرکٹ نے اس واقعے پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان تمام شائقین کرکٹ اور ٹکٹ کے حامل افراد سے معافی کے طلبگار ہیں جنہیں ڈمبولا کے میچ میں سیٹیں نہیں مل سکیں۔ میدان میں موجود گنجائش کے مقابلے میں تقریباً تین گنا شائقین ہونے کی وجہ سے بدنظمی پھیل گئی اور منتظمین شائقین کو کنٹرول میں نہ رکھ سکے۔ میزبان بورڈ نے کہا کہ ہم نے میدان کو محفوظ بنانے پر زیادہ توجہ دی کیونکہ میچ جاری رکھنے کیلئے اس کو ترجیح دی جاتی ہے۔ سری لنکن بورڈ نے یقین دلایا کہ آنے والے میچوں میں بہترین سیکیورٹی انتظامات کریں گے اور شائقین کو پیش آنے والی مشکلات پر ایک مرتبہ پھر معافی مانگی۔ یہ میچ اس لحاظ سے بھی یادگار ہوا کہ یہ سری لنکن اسٹار اوپنر تلکارتنے دلشان کا ونڈے کرکٹ کریئر کا آخری میچ تھا ۔ انھوں نے 42 رنز بنائے اور شائقین نے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ تاہم  آسٹریلیا دو وکٹ سے فتحیاب رہا (سری لنکا 226، آسٹریلیا 227/8) اور مہمانوں کو سیریز میں 2-1 کی سبقت مل گئی۔ پانچ میچوں کی سیریز کا چوتھا مقابلہ چہارشنبہ کو ڈمبولا میں ہی کھیلا جائے گا۔