ڈسپلن کی خلاف ورزی ، عمر اکمل پر پھرجرمانہ

دبئی ۔2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈربیٹسمین عمر اکمل پر آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پانچویں اور آخری میچ سے قبل ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رات دیر تک ٹیم کے ہوٹل سے باہر رہنے پر میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمر اکمل کو دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف پانچویں میچ سے قبل رات باہر جانے پر میچ فیس کے 20 فیصد جرمانے کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے باقاعدہ تنبیہ بھی کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستانی ٹیم کو پانچویں میچ میں 21 رنز سے شکست دے کر کلین سوئپ کیا تھا اور اس میچ میں پاکستان کی جانب سے عمر اکمل نے 43 رنز بنائے تھے، جبکہ حارث سہیل کی 130 رنز کی بہترین اننگز بھی ٹیم کے کام نہیں آئی تھی۔ پی سی بی کے مطابق عمر اکمل نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے فعل پر معذرت کی اور ٹیم منیجر طلعت علی کی جانب سے دی گئی سزا کو قبول کیا ہے۔ پی سی بی کے مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ عمر اکمل کو اپنی غلطی کا احساس ہے اور اعتراف کیا اور اپنی غلطیوں پر معذرت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مکمل طور پر غیر پیشہ ورانہ فعل ہے اور کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔ وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی کو اپنے کھلاڑیوں سے اعلیٰ معیار کے پیشہ ورانہ رویے اور عزم کی توقع ہے اور یہ کارروائی بروقت یاد دہانی اور خبردار کرنے کے لیے ہے کہ ڈسپلن کی کسی قسم کی خلاف ورزی قبول یا برداشت نہیں کی جائے گی۔ عمر اکمل کو طویل عرصے بعد آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا اور پانچوں میچوں میں انہیں موقع فراہم کیا گیا لیکن ان کی کارکردگی ٹیم کے لیے باعث اطمینان ثابت نہ ہوسکی اور ٹیم کوسیریز میں عبرت ناک شکست کا سامناکرنا پڑا۔ عمر اکمل نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 30 کی اوسط سے 150 رنز بنائے اور سیریز کے پہلے میچ میں کھیلی گئی 48 رنز کی اننگز ان کا سب سے بڑا اسکور تھا، جبکہ انہوں نے آخری میچ میں 43 رنز بنائے تھے۔ قبل ازیں پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) میںکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی نمائندگی کرتے ہوئے عمر اکمل نے اچھا مظاہرہ کیا تھا اورگلیڈی ایٹرز نے لیگ کا چوتھا سیزن جیت کر نئے چمپیئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔