حیدرآباد ۔ /5 اگست (سیاست نیوز) الوال علاقہ میں ڈرینیج مین ہول سے انسانی ڈھانچہ دستیاب ہونے سے سنسنی پھیل گئی ۔ تفصیلات کے بموجب الوال وجئے وہار کالونی میں مقامی عوام کی جانب سے ڈرینیج کے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ کی شکایت کی گئی تھی جس پر واٹر ورکس اینڈ سیور یج بور ڈ سے وابستہ صفائی ملازمین وہاں پہونچکر علاقہ کے تمام مین ہولس کا معائنہ کیا جس کے دوران ایک مین ہول میں تھیلے میں باندھا ہوا انسانی ڈھانچہ دستیاب ہوا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ۔ سیوریج بورڈ عملہ نے فوری الوال پولیس کو اس بات کی اطلاع دی جس پر پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہونچکر ڈھانچہ کو مین ہول سے باہر نکالا اور کلوز ٹیم کو طلب کرلیا ۔ پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں پتہ لگایا کہ انسانی ڈھانچہ مرد کا ہے چونکہ تھیلے میں پینٹ ، شرٹ بھی موجود ہے ۔ پولیس نے مقام واردات پر ہی پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد اسے گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ میں محفوظ کردیا ۔ پولیس الوال نے قتل کا ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ۔