ڈریسنگ روم کا ماحول بہتر نہیں تھا : دھونی

برسبین۔20ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ڈریسنگ روم کے حالات بہتر دکھائی نہیں دے رہے ہیں جس کا مہیندر سنگھ دھونی نے بھی برسبین میں دوسرے ٹسٹ کے اختتام پر پریس کانفرنس میں اعتراف بھی کیا ہے جیسا کہ آج کھیل کے آغاز پر اچانک ویراٹ کوہلی کو زخمی شکھر دھون کے مقام پر بیٹنگ کیلئے روانہ کیا گیا ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو یہاں منعقدہ دوسرے ٹسٹ کے چوتھے دن چار وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی جیسا کہ وہ دوسری اننگز میں 224رنز اسکور کرپائی اور اس طرح آسٹریلیائی ٹیم کودوسرے ٹسٹ میں کامیابی کیلئے 128رنز کا نشانہ دیا گیا ۔ مقابلہ کے آغاز سے قبل ہندوستانی ڈریسنگ روم میں ڈرامائی صورتحال اس وقت دیکھنے کو ملی جب گذشتہ رات کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین شکھر دھون جو پریکٹس سیشن کے دوران اپنی کہنی زخمی کربیٹھے تھے

وہ بیٹنگ کیلئے میدان پر نہیں پہنچے اور بیٹنگ کے آغاز سے صرف 7منٹ قبل ویراٹ کوہلی کو مطلع کیا گیا کہ وہ بیٹنگ کیلئے جائیں ۔ دھونی نے کہا کہ ٹیم کے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کے درمیان صحیح رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے بے چینی کا ماحول بن گیا تھا اور اچانک دھون کے مقام پر کوہلی کو روانہ کیا گیا تھا جس کی وجہ سے ڈریسنگ روم کے ماحول میں بے چینی پیدا ہوگئی تھی ۔ مہیندر سنگھ دھونی نے میچل جانسن کی بیٹنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جانسن خوش قسمت ہونے کے علاوہ انہوں نے موقع کا صحیح فائدہ بھی اٹھایا کیونکہ جب گیند پرانی ہوجاتی ہے تو اس وقت بولرس بھی تھکان محسوس کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ جانسن نے اہم موقع پر 88رنز بناتے ہوئے ٹیم کو نازک صورتحال سے باہر نکالتے ہوئے پہلی اننگز میں سبقت دلانے میں اہم رول ادا کیا تھا ۔