حیدرآباد۔/9جولائی، ( سیاست نیوز) سائبر آباد کی اسپیشل آپریشن ٹیم اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ایک مشترکہ آپریشن میں ممنوعہ منشیات تیار کرنے میں ملوث ایک ڈرگ ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے حیات نگر اور چوٹ اوپل علاقوں میں ممنوعہ منشیات تیار کرنے والی کیمیکل فیکٹریوں پر دھاوا کرتے ہوئے 12افراد کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ریاکٹ کا سرغنہ فیاض احمد رسول شیخ ہے جس کا تعلق مہاراشٹرا سے ہے اور وہ پیشہ سے میکانک ہے۔ سال 2010ء میں فیاض نے اسکراپ کا کاروبار شروع کیا تھا اور اسی دوران اس کی ملاقات میرا آرگینک فیکٹری کے مالک رفیق سے ہوئی تھی جو ممنوعہ منشیات ایفی ڈرائن( Ephedrine) تیار کرتا تھا اور اسے سابق میں نارکوٹک کنٹرول بیورو نے گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد وہ دوبارہ سرگرم ہوگیا
اور اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بڑے پیمانے پر ممنوعہ منشیات کی تیاری میں ملوث ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس آپریشن میں ایس او ٹی اور نارکوٹکس سنٹرل بیورو نے فیاض احمد رسول شیخ کے علاوہ حیدرآباد کے پی سرینواس، چینائی کے کریکلان، گجرات کے سنیل سنگھ سردار، مہاراشٹرا کے سمیر چندر شیکھر پنجر، محمد اسمعیل، ہاشم الشیخ، محمد عرفان انصار، سید وزیر اللہ پاشاہ ، عادل انصاری، پی کرشٹیا، دیانند مانک کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں ممنوعہ منشیات جس کی مالیت 10کروڑ روپے بتائی جاتی ہے کوبرآمد کرلیا۔ ایس او ٹی نے گرفتار شدہ افراد کے قبضہ سے دو کاریں اور دو لاکھ روپئے نقد رقم بھی برآمد کرلی۔ گرفتار ملزمین کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا گیا۔