حیدرآباد۔ 6 اگست (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس اور ایس آر نگر پولیس کے ایک مشترکہ آپریشن میں ڈرگس کے کاروبار میں ملوث دو رکنی ٹولی بشمول ایک نائجیریائی باشندے کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضہ سے 180 گرام کوکین برآمد کی گئی ۔ پولیس کے بموجب 37 سالہ اوگو گوا جان باسکو نامی نائجیریائی باشندہ ڈرگس کا عادی ہے، وہ جون 2016ء میں بزنس ویزا پر ہندوستان آیا اور ممبئی میں ڈرگس ریاکٹ چلا رہا تھا۔ ملبوسات کے کاروبار کی آڑ میں وہ ڈرگس کی اسمگلنگ کیا کرتا تھا ۔ حیدرآباد کے علاوہ دیگر میٹرو پولیٹن شہروں کے دیگر گاہکوں کو فی گرام کوکین 5 تا 6 ہزار روپئے میں فروخت کرتا تھا۔ کاروبار کو وسیع کرنے اس نے مشرقی گوداوری کے محمد ظہیراللہ عرف سنی ساکن یوسف گوڑہ مدورا نگر سے رابطہ قائم کیا اور وہ اس کی مدد سے شہر کے مختلف گاہکوں کو منتخب کرکے انہیں کوکین وغیرہ فراہم کرتا تھا۔ ٹاسک فورس پولیس نے مذکورہ افراد کے قبضہ سے 180 گرام کوکین، 4 موبائیل فونس اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرکے انہیں ایس آر نگر پولیس کے حوالے کردیا۔