ڈرگس ریاکٹ بے نقاب ، اسمگلنگ میں ملوث ایک شخص گرفتار

حیدرآباد ۔ /3 مئی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے شہر میں ڈرگس ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے اسمگلنگ میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 24 سالہ سیشیر چوہان ساکن آر کے پورم ٹیکسی کیاب کا کاروبار کرتا ہے ۔ وہ ممنوعہ ڈرگس اور گانجے کا عادی ہے جس کی غرض سے وہ اکثر گوا جایا کرتا تھا ۔ چوہان نے شہر میں ڈرگس کا کاروبار کرنے کی غرض سے ممنوعہ منشیات ایل ایس ڈی اسٹامپ کو گوا سے 700 روپئے میں حاصل کرکے وہ شہر کے نوجوانوں کو 1800 روپئے میں فروخت کرنے لگا ۔ نومبر 2015 ء میں ٹاسک فورس نے اسے گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں ڈرگس اور چرس برآمد کرتے ہوئے اسے سنٹرل کرائم اسٹیشن کے اینٹی نارکوٹک سیل کے حوالے کردیا تھا جس کے نتیجہ میں اسے جیل بھیجا گیا تھا ۔ سیشیر چوہان پرتعش زندگی کا عادی ہے اور اس نے شہر میں خواہشمند گاہکوں کو ایل ایس ڈی اسٹامپس فروخت کرنے کی غرض سے گوا سے ڈرگس حاصل کئے اور شہر میں فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ ترمل گری چوراہے پر اسے گرفتار کرلیا گیا ۔ ٹاسک فورس نے چوہان کے قبضے سے گانجہ اور ڈرگس برآمد کرتے ہوئے اسے تروملگیری پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا ۔