حیدرآباد۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) نارکوٹک کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ڈرگس اسمگلنگ میں ملوث آفریقی خاتون کو دواخانہ عثمانیہ سے صبح کی اولین ساعتوں میں گرفتار کرتے ہوئے اسے سائبرآباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا۔ بعدازاں اسے 14 دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔ 35 سالہ مسائی موسیٰ کو چار دن قبل شمس آباد میں واقع راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر نارکوٹک کنٹرول بیورو نے ایک خفیہ آپریشن میں اسے حراست میں لے لیا تھا اور اس کے جسم میں موجود منشیات کو باہر نکالنے کیلئے دواخانہ عثمانیہ میں شریک کیا تھا۔ گزشتہ تین دن میں عثمانیہ دواخانہ کے ڈاکٹرس نے خاتون کے رحم سے 51 کوکین کے پیاکٹس برآمد کئے جس کی مالیت ایک کروڑ روپئے بتائی جاتی ہے۔ این سی بی کو آفریقی خاتون کی جانب سے شہر میں ڈرگس کی منتقلی کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے اسے ایرپورٹ پر گرفتار کیا گیا تھا۔ این سی بی نے کوکین کو خاتون کے جسم سے باہر نکالے جانے کے بعد آج راجندر نگر اپر پلی کی مقامی عدالت میں اسے پیش کیا جس پر عدالت میں اسے 14 دن کیلئے جیل بھیج دیا۔ این سی بی عہدیداروں نے ساؤتھ آفریقی شہری کو چیرلہ پلی جیل منتقل کیا ہے اور اسے عنقریب تحقیقات کی غرض سے تحویل میں لئے جانے کا امکان ہے۔