امتناعی احکامات کی خلاف ورزی پر عدالتی کارروائی
حیدرآباد ۔ /6 جولائی (سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کے اسپیشل میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ مسٹر سمیا چاری نے تاریخی چارمینار کے قریب ڈرون کیمرے کے ذریعہ ویڈیو گرافی کرنے والی سیاح کو ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ سوپرنا ناتھ جو پیشہ سے فوٹو گرافر ہے اور مغربی بنگال کی متوطن ہے ۔ سوپرنا ناتھ شہر حیدرآباد کو سیاحت کیلئے آئی ہوئی تھی اور کل تاریخی چارمینار کے پاس اپنے ڈرون کیمرے کے ذریعہ تاریخی عمارت کی ویڈیو گرافی کررہی تھی کہ مقامی پولیس نے اسے فوری حراست میں لیتے ہوئے ڈرون کیمرہ ضبط کرلیا ۔ خاتون سیاح کے خلاف تعزیرات ہند کے دفعہ 188 اور سٹی پولیس ایکٹ کے دفعہ 70B کے تحت ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے آج اسپیشل میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ کے اجلاس پر پیش کیا جس کے نتیجہ میں مجسٹریٹ نے خاتون کو ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ۔ واضح رہے کہ دونوں شہروں میں کمشنر پولیس نے ڈرون کیمرے کے استعمال کے خلاف امتناع عائد کیا ہے اور اس ضمن میں ایک اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا ۔ احکامات کی خلاف ورزی کے خلاف کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا تھا ۔