نئی دہلی ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) سابق کیپٹن راہول ڈراویڈ کیلئے بی سی سی آئی میں کوئی رول کے بارے میں تجسس آج بھی جاری رہا جیسا کہ بورڈ سکریٹری انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ اُن کی خدمات مناسب وقت طلب کی جائیں گی۔ ’’اُس درجہ کے کسی کرکٹر کا معاملہ ہو تو بی سی سی آئی اُن کی خدمات (ضرور) حاصل کرنا چاہے گا۔ جب وقت آئے اس کا اعلان کیا جائے گا۔ ہر کسی کو کوئی یکساں پیانل پر شامل نہیں کیا جاسکتا ہے‘‘ ٹھاکر نے ’ٹائمز ناؤ‘ کو یہ بات بتاتے ہوئے نوتشکیل شدہ بی سی سی آئی کرکٹ اڈوائزری پیانل سے ڈراویڈ کی غیرحاضری کی وضاحت کی۔ یہ پیانل سابق عظیم کھلاڑیوں سچن تنڈولکر، سورو گنگولی اور وی وی ایس لکشمن پر مشتمل ہے۔ ٹھاکر نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ کیلئے ہمیں اُن کے صلاح و مشورے کی ضرورت پڑے گی، وہ سنہرے دور کا حصہ رہے ہیں۔