ڈراویڈ کو چیپل قیادت سے برطرف کرنا چاہتے تھے

نئی دہلی ۔ 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر نے آج حیران کن طور پر یہ انکشاف کیا ہیکہ اس وقت کے ٹیم کے کوچ گریک چیپل نے 2007ء ورلڈ کپ سے قبل راہول ڈراویڈ کو ہندوستانی ٹیم کی قیادت سے برطرف کرتے ہوئے انہیں کپتان بننے کی تجویز دی تھی۔ سچن تنڈولکر نے اپنی خودنوشت ’’پلے انگ اٹ مائی وے‘‘ میں انکشاف کیا ہیکہ گریک چیپل نے تنڈولکر سے گھر پر ملاقات کے موقع پر انہیں یہ پیشکش کی تھی کہ وہ راہول ڈراویڈ سے ٹیم کی قیادت حاصل کرلیں اور اس طرح وہ مل کر ہندوستانی کرکٹ پر برسوں قابو کرسکتے ہیں۔ سچن تنڈولکر نے 2005 تا 2007ء ٹیم کے کوچ رہ چکے۔ گریک چیپل کو رنگ ماسٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کھلاڑیوں پر اپنے نظریات مسلط کرنا چاہتے تھے اور انہیں اس بات کی قطعی فکر نہیں تھی کہ کھلاڑیوں پر ان کے نظریات کا کیا اثر ہوگا۔ سچن نے تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا ہیکہ 2007ء ورلڈ کے ایک ماہ قبل چیپل ان کے گھر پہنچ کر پیشکش کی کہ وہ راہول ڈراویڈ سے قیادت حاصل کریں۔ اس موقع پر میری بیوی انجلی بھی میرے ساتھ تھی اور چیپل کی پیشکش سے وہ بھی کافی حیران ہوگئیں۔ سچن کے بموجب ورلڈ کپ سر پر تھا اور کوچ کا کپتان کے ساتھ اس طرح کا رویہ حیران کن تھا۔