محبوب نگر۔/22جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اکثر سڑک حادثات تیز رفتار ڈرائیونگ کے نتیجہ میں ہی پیش آرہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر ایم گریجا شنکر نے آر ٹی او آفس محبوب نگر میں منعقدہ پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ ضلع کلکٹر روڈ سیفٹی پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ یہ پروگرام 26جنوری تک عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے تیز رفتاری کے ساتھ گاڑیاں چلانے سے جان لیوا سڑک حادثات پیش آرہے ہیں۔ خود بھی جان سے ہاتھ دھورہے ہیں اور ارکان خاندان کو بھی صدمہ سے دوچار کررہے ہیں۔ نوجوانوں کے والدین اور سرپرست حادثات سے محفوظ رہنے روڈ سیفٹی کیلئے شعور بیداری کیلئے آگے رہیں۔ انہوں نے گاڑیوں کے مالکین کو مشورہ دیا کہ اپنی گاڑیوں پر ڈرائیونگ کیلئے ماہر اور تجربہ کار ڈرائیورس کا تقرر کریں۔ لائسنس کے تجربہ کو ملحوظ رکھیں۔ ضلع کلکٹر نے مزید بتایا کہ حالت نشہ میں گاڑی چلانا قانونی جرم ہے۔ دوران ڈرائیونگ سیل فون کا استعمال ہرگز نہ کریں۔ بلا ضرورت گاڑیوں کو اوور ٹیک نہ کریں۔ رات کے اوقات میں سڑکوں پر گاڑیاں پارک کریں تو پارکنگ لائٹ کا استعمال ضرور کریں۔ احتیاطی تدابیر سے ہی سڑک حادثات سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر سینئر سیول جج شیشا گیری راؤ، ایڈیشنل ایس پی پردیپ کمار ریڈی، آر وی او کرشنیا، آر ٹی سی آر ایم گنگا دھر، ڈی ایس پی محبوب نگر ملکارجن و دیگر موجود تھے۔
چیتا پور میں پہلا کنڑا ساہتیہ سمیلن
چیتا پور۔/22جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی چیتا پور اور ممتاز کانگریس قائد مسٹر بریانک کھر گے نے ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 8فبروری کو چیتا پور میں پہلی بار کنڑا ساہتیہ سمیلن منعقد کیا جائے گا۔ مسٹر بریانک کھرگے نے جو اس سمیلن سمیتی کے صدر استقبالیہ بھی ہیں اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ چیتا پور ساہتیہ سمیلن میں ریاستی وزیر کنڑاو کلچراما شری، کنڑا ترقیاتی کمیٹی کے صدر مکھیہ منتری چندرورام چندراپا شرکت کریں گے۔ چیتا پور اگریکلچرل پرڈیوس مارکٹ کمیٹی کے دالان میں 8فبروری کو سمیلن کا افتتاح عمل میں لایا جائے گا۔ تعلقہ کے اساتذہ، ادیبوں، قلم کاروں اور طلباء سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔
سڑک حادثہ میں ایک نوجوان کی موت
سیڑم۔/22جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج دوپہر ایک مزدور جو نظام آباد کا رہنے والا تھا سڑک عبور کررہا تھا کہ اچانک ایک تیز رفتار گاڑی کی زد میں آگیا اور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ مہلوک کا بھیجہ باہر آ گرپڑا۔ اس معاملہ میں پولیس اسٹیشن میں ایک کیس درج کیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ مہلوک کھیت میں راس کی مشین میں کام کی غرض سے آیا ہوا تھا۔
ریل گاڑی نے بکریوں کو روند دیا
چیتا پور۔/22جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کل رات تقریباً ڈھائی بجے ایک ٹرین حادثہ میں ریلوے ٹریک کے قریب ٹھہری بکریوں کو جو گاڑی کی آواز سے بے قابو ہوگئیں اور ایک تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگئیں اور تقریباً پچاس سے زاید بکریاں زخمی ہوگئیں۔ صبح ہونے کے بعد بکریوں کے مالک نے واڑی جنکشن پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا اور کرویا سماج کے تعلقہ صدر جومنا پجاری اور سکریٹری ملیکارجن پجاری نے بکریوں کے مالک کو زیادہ سے زیادہ معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا۔