ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم سارے ملک میں منفرد

ضلع محبوب نگر کی ہمہ جہتی ترقی کا تیقن، ریاستی وزیر کے ٹی آر کا خطاب
محبوب نگر۔/5اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈبل بیڈروم مکانات کی اسکیم سارے ملک میں مثالی اور منفرد ہے، ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و آئی ٹی کے ٹی آر نے متحدہ ضلع محبوب نگر میں کئی ایک ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ ریاستی وزیر پنچایت راج جوپلی کرشنا راؤ، ایم پی اے پی جتیندر ریڈی، ایم ایل ایز سرینواس گوڑ، وینکٹیشورریڈی، جی بالراج موجود تھے۔ انہوں نے مخاطبت جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ریاست میں 2لاکھ 65 ہزار ڈبل بیڈروم کی تعمیر جاری ہے جس کیلئے 18ہزار کروڑ روپئے صرف کئے جارہے ہیں۔ ایک مکان کی تعمیر کی لاگت 6 لاکھ ہورہی ہے جبکہ اراضی کی قیمت شامل کی جائے تو20 لاکھ روپئے سے تجاوز کررہی ہے۔ وہ منگل کے دن کوتہ کوٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے ملک کی 28ریاستوں سے تقابل کیا جائے تو زیادہ تر تلنگانہ میں ہی فنڈز خرچ ہورہے ہیں۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ بعض سیاسی قائدین یا عہدیدار اس معاملہ میں رشوت طلب کریں تو فوری وہ راست شکایت کریں۔ انہوں نے اپوزیشن کے سوال کا منہ توڑ جواب دیاکہ تلنگانہ میں کیا ترقی ہورہی ہے، کہاکہ 40لاکھ افراد کو وظائف جاری کئے گئے ہیں، کسانوں کو 9 گھنٹے برقی سربراہی اور مکانات کو 24 گھنٹے بلاوقفہ برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ ہاسٹل کے طلباء کو غذا میں باریک چاول کا کھانا دیا جارہا ہے۔ شادی مبارک اسکیم کے تحت 75 ہزار 116 روپئے کی امداد دی جارہی ہے۔ انہوں نے باآواز بلند کہا کہ کانگریس اور تلگودیشم کے 65سالہ دور اقتدار نے تلنگانہ عوام کو صرف افلاس اور غربت دی جبکہ اب کے سی آر اس افلاس کو دور کرنے کوشاں ہیں۔ صدفیصد افلاس دور کرنے کیلئے کچھ وقت درکار ہے۔ نقل مقام کیلئے ضلع محبوب نگر مشہور ہے اس کے ازالہ کیلئے حکومت پراجکٹس کی تعمیر کرتے ہوئے ساڑھے چار لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کررہی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محبوب نگر کے عوام کو جورالہ سے پانی لانے میں رکاوٹ ہورہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع محبوب نگر کو 1950 سے ہی کرشنا ندی سے صرف 134 ٹی ایم سی پانی استعمال کرنے کی اجازت دی تھی جس کے پیش نظر نظام ساگر کی تعمیر کی گئی۔ اس وقت کے حکمرانوں نے ضلع کے آبپاشی پراجکٹس کو التواء میں ڈالتے ہوئے ضلع کو پسماندہ بنادیا۔ انہوں نے ضلع محبوب نگر کی ہمہ جہت ترقی کا تیقن دیا۔ ریاستی وزیر نے ڈیوٹی پلی پہنچ کر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ بھوت پور منڈل کے امتاپور سے یدرہ تک ایک کروڑ 75لاکھ کی لاگت سے بی ٹی روڈ کی تعمیر کا افتتاح کیا۔ اناساگر میں ڈیجیٹل سیوا سنٹر کا افتتاح کیا،  اڈاباکل موضع میں 33/11 کے وی سب اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ انہوں نے راست عوام سے ملاقات کرکے حکومت کی فلاحی اسکیمات پر ردعمل سے واقفیت حاصل کی۔ اس موقع پر پلاننگ کمیشن کے نائب چیرمین نرنجن ریڈی، ضلع پریشد چیرمین بی بھاسکر، ضلع کلکٹر رونالڈ روز و دیگر قائدین و عہدیداران موجود تھے۔