ڈبلیو بی او کے ایشیاء پیسیفک اور اورینٹل ٹائیٹلس پر وجیندر کا قبضہ

ممبئی ۔ /6 اگست ( سیاست ڈاٹ کام) ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن (ڈبلیو بی او ) کے ایشیاء پیسیفک چمپئین وجیندر سنگھ نے اپنی مہارت کی بنیاد پر ڈبلیو بی او کے اورینٹل چمپئین ڈولپیکار ماتمتالی کو سوپر میڈل ویٹ مقابلے میں شکست دیدی ۔ موخرالذکر کو نامناسب گھونسہ بازی پر دو مرتبہ خبردار بھی کیا گیا تھا اور خوفناک جارحانہ مقابلے کے 10 راؤنڈس پر اول الذکر کو 96-93, 95-94, 95-94 پوائنٹس کے متفقہ فیصلے سے فاتح قرار دیا گیا ۔ ڈولپیکار کو ابتداء میں ان کے حریف سے صرف دفاعی گھونسے رسید کئے گئے تھے جس کے بعد وہ ہندوستانی باکسر کے دباؤ میں آگئے ۔ چھٹویں راؤنڈ میں وجیندر کو زیرناف ایک گھونسہ رسید کیا گیا جس پر چینی حریف کو وارننگ دی گئی اور شایقین کے ہجوم نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ۔ دونوں باکسروں کے درمیان پانچویں راؤنڈ سے ہی خطرناک گھونسوں کا تبادلہ شروع ہوگیا تھا ۔ ہندوستانی باکسر نے چینی حریف کے جارحانہ تیور پر ناراضگی ظاہر کی لیکن مقابلہ کے اختتام تک جوش اور جذبات کو قابو میں رکھا ۔