نئی دہلی ۔24مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے صدر بیڈمنٹن کوچ پُلیلاگوپی چند نے کہا ہے کہ ڈبلز ایونٹ میں بہترین کیلئے کام کرنے کی ضرورت ہے اس کے علاوہ ایک سخت نظام کو یقینی بنانا بھی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستانی کوچس کو ڈبلز زمرے میں کھلاڑیوں کو فروغ دینے کیلئے ضروری آزادی حاصل نہیں ہے ۔ گوپی چند کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں ڈبلز کے لئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ بیرونی کوچس کی طرح ہندوستانی کوچس کو وہ تمام آزادیاں حاصل نہیں رہتی جس کے ذریعہ وہ کھلاڑیوں کی تربیت دیتے ہیں ۔ گوپی چند کے بموجب جہاں تک ڈبلز میں کھلاڑیوں کی تربیت کا تعلق ہے اس کیلئے سخت قوانین کی ضرورت ہے‘ جس کے ذریعہ کھلاڑی کا ڈبلز کے لئے انتخاب ہو اور وہ کھلاڑی صرف ڈبلز مقابلوں میں شرکت کریں۔ 2001ء کے آل انگلینڈ چمپئن گوپی چند نے ابیرکپ میں سائنا نہوال ‘ پی وی سندھو ‘جوالا گٹہ اور اشونی پونپا کے مظاہروں کو ہندوستان کیلئے مثبت نتائج قرار دیاہے ۔