ڈاکٹر کے ہاتھوں مریض کا قتل ، ثبوت مٹانے نعش جلا دی گئی

شمس آباد ۔ 22؍ نومبر ( سیاست نیوز) شمس آباد کے موضع میں کل رات ایک شخص کی نعش پائی گئی۔ خواجہ نعیم الدین عرف اصغر 45 سالہ پیشہ پان شاپ میں ملازم ساکن نواب صاحب کنٹہ کی نعش جھلسی ہوئی حالت میں پائی گئی جس کو کسی ڈاکٹر نے انجکشن دینے کے بعد  انفکشن سے وہ ختم ہوگیا تھا اس راز کو چھپانے کیلئے اس ڈاکٹر نے نعش کو بائیک پر لیکر شمس آباد کے موضع سا ت امرائی میں لا کر جلا کر فرار ہوگیا ۔  ایک اطلاع کے بموجب خواجہ نعیم الدین جو پان شاپ میں ملازم تھے مسلسل ٹہرنے سے جوڑوں  میں درد کی شکایت لیکر ان کے فیملی ڈاکٹر اسماعیل BUMS کے پاس علی نگر میں واقع کلینک پر گئے جہاں ڈاکٹر نے انہیں گلوکوز میں انجکشن ملا کر دیا جس کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی  اور وہ وہیں دم توڑ دیئے ۔ جس سے خوف کھا کر ڈاکٹر نے نعش کو ایک بوری میں لپیٹ کر شمس آباد کے موضع سات امرائی لیکر آیا ۔ خواجہ نعیم الدین کے افراد خاندان کل سے انہیں فون کرنے پر فون بند آ رہا تھا جس کی وجہ سے  نعیم الدین کے افراد خاندان نے فلک نما پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی شکایت بھی درج کرائی ۔ آج صبح افراد خاندان کو معلوم ہوا کہ مقتول کی نعش شمس آباد میں پائی گئی تو شمس آباد آر جی آئی پولیس اسٹیشن پہنچ کر پولیس کو تفصیلات بیان کیں ۔ مقتول کے تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے اور سارا خاندان کی پرورش کی ذمہ داری ان پر ہی تھی ۔ شمس آباد میں اس سے قبل کئی مرتبہ دوسرے مقام پر قتل کر کے نعش کو چھپانے یا شناخت کو ختم کرنے کیلئے لانے کے واقعات ہوچکے ہیں ۔ شمس آباد آر جی آئی پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔