ڈاکٹر کی لاپرواہی سے نومولود بچی فوت

رشتہ داروں کا احتجاج۔ ڈاکٹر کے خلاف کیس درج
سرپور ٹاؤن۔یکم جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرپور ٹاؤن میں آر ایم پی ڈاکٹر نرمل منڈل کی لاپرواہی سے نو مولود بچی فوت ہوگئی اور ماں کی حالت تشویشناک ہے۔ تفصیلات کے بموجب سرپور ٹاؤن مستقر کے کاپو واڈا کی متوطن سنیتا زچگی کروانے کیلئے اپنے والدین کے گھر سرپور ٹاؤن آئی تھی اور مسلسل تین دنوں سے سرپور ٹاؤن مستقر کے آر ایم پی ڈاکٹر نرمل منڈل نے اس کا علاج کرتے ہوئے والدین کو سکون سے رہنے کا مشورہ دیا۔ لیکن اچانک زچگی کے دوران نومولود بچی پیدا ہوتے ہی فوت ہوگئی اور ماں کی حالت تشویشناک بتاتے ہوئے خانگی دواخانہ کریم نگر علاقہ کیلئے منتقل کیا گیا اور وہاں پر زچہ کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے اور آر ایم پی ڈاکٹر نرمل منڈل کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سنیتا کے رشتہ داروں نے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا۔ اس موقع پر تحصیلدار رمیش بابو اور سب انسپکٹر پربھاکر کی زیر نگرانی آخری رسومات ادا کی گئی۔ نومولود بچی کی نعش کو قبر سے نکال کر دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا اور آر ایم پی ڈاکٹر نرمل منڈل کے خلاف کیس درج کرتے ہوئے سرپور ٹاؤن پولیس نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔