ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج میں 60دختران ملت کا میرٹ کی اساس پر داخلہ

ڈاکٹر محمدوزارت رسول خان کی خدمات کو خراجِ عقیدت ۔ بانی کے مشن کو جاری رکھنے محترمہ شاداں و فرزندان کا عزم
حیدرآباد۔28؍ ستمبر۔ ( پریس نوٹ ) ۔ ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج عزیز نگر ، رنگاریڈی ڈسٹرکٹ میں 60دختران ملت نے آج میرٹ کی اساس پر ایم بی بی ایس سال اول میں داخلہ لیا اس کے علاوہ مینجمنٹ و این آر آئیز کے 40نشستیں مختص ہوتی ہیں۔اور اپنے والدین کے خوابوں کو پورا کیا۔ کونسلنگ کا آغاز آج صبح محترمہ شاداں وزارت رسول خان سکریٹری شاداں و ڈاکٹر وی آر کے ایجوکیشنل سوسائٹی کی سرپرستی میں ہوا ۔محترمہ شاداں نے طالبات اور سرپرستوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ دو برس سے کئی لوگ اپنی لڑکیوں کو ڈاکٹر بنانے کے خواب کو مکمل نہیں کرسکیں ۔ الحمد للہ اب ہمارے ویمنس میڈیکل کالج میںدوبارہ داخلوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ یہ ملت کا کالج ہے اور آپ نے جس طرح آپ اور آپ کی دختران نے جستجو کیں اُسی طرح ہم نے بھی گذشتہ دو سال سے جستجو کی اور اس سال ، سالِ اول ایم بی بی ایس میں داخلہ کا دوبارہ احیاء ممکن ہوسکا۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان مرحوم کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے بیچ ڈاکٹر صاحب موجود نہیں ہیں لیکن ان کا نام اس کالج سے فارغ التحصیل طالبات کے ساتھ ہمیشہ رہے گا۔ چیرمین محمد شاہ عالم رسول خان، اور منیجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد صارب رسول خان ، وائس چیرمین سید اعزاز الرحمن و دیگر ذمہ داروں نے اس کالج کے دوبارہ احیاء کے لئے کوشش کی ہیں ان تمام ذمہ داروں کو محترمہ نے مبارکباد دی۔ انہوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنی میڈیکل تعلیم کو پوری ذمہ داری کے ساتھ تکمیل کریں تاکہ مستقبل میں ایک بہترین اور قابل ڈاکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے سکیں۔ محترمہ نے کہا کہ ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان نے جس مقصد و منشاء کے لئے اقلیتوں خصوصاً مسلم لڑکیوں کیلئے اعلیٰ تعلیم بشمول انجینئرنگ و میڈیکل تعلیم کے حصول کے لئے مکمل انفراسٹکچر، بہتر اور تجربہ کار اساتذہ، سرسبزو شاداب، کشادہ ماحول مہیا کرکے ساری سہولتوں اور لیابس و کتابوں سے مزین لائبرریوں کی سہولت کے ساتھ ان اداروں کا قیام عمل میں لایا اور ان ہی کا یہ خواب آج شرمندہ تعبیر ہورہا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر صاحب کی ملتِ اسلامیہ کے لئے بے لوث خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جناب محمد شاہ عالم رسول خان چیرمین شاداں ایجوکشنل سوسائٹی نے سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ الحمد اس کالج میں 100طالبات کا ایم بی بی ایس کورس میں داخلہ ممکن ہوسکا۔ انہوں نے اس ایقان کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر صاحب کی حیات میں جس طرح دونوں میڈیکل کالجس میں طلبہ کو میڈیکل تعلیم کیلئے مکمل سہولیات فراہم کیں جاتی تھیں انشاء اللہ العزیز یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا ۔ڈاکٹر محمد وزارت رسول خان نے طالبات کی تعلیم کے لئے 1988ء میں جونیر کالج سے آغاز کیا اور یہ سلسلہ ڈگری گرلز کالج، ایم بی اے ، ایم سی اے ، فارمیسی ، انجینئرنگ اور میڈیکل ایم بی بی ایس تک قائم ہوا اور الحمد للہ مستقبل میں ڈنٹل ویمنس کالج اور فارما ڈی ویمنس کالج قائم ہونگے۔ ڈاکٹر محمد صارب رسول خان مینجنگ ڈائرکٹر ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج و شاداں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس نے ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج کونسلنگ کی نگرانی کی ۔ جناب سید اعزاز الرحمن وائس چیرمین شاداں و ڈاکٹر وی آر کے ایجوکیشنل سوسائٹی نے کونسلنگ کی ۔ اس موقع پر شہ نشین پر ڈاکٹر احمد اللہ خان سابق ڈین آف لا عثمانیہ یونیورسٹی ، ڈاکٹر خواجہ ناصر الدین چیف اڈمنسٹریٹر ڈاکٹر وی آر کے ہاسپتل ، ڈاکٹر اے وائی چاری ڈین ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج و سابق ڈی ایم ای آندھراپردیش، ڈاکٹر غوث محی الدین علی اڈوائزر، ڈاکٹر اے ایم مہاجر اڈوائزرڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج و دیگرموجود تھے۔ کونسلنگ کے ذریعہ پہلا نمبر 2556 سیدہ تسلیم فاطمہ بنت سید علی شاہ بابا سے آغاز ہوا اور آخری رینک 4573امت الکریم نائلہ سے کونسلنگ اختتام کو پہنچی۔ ڈاکٹر وی آر کے ویمنس میڈیکل کالج کے احاطہ میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ میرٹ کی اساس پر ایم بی بی ایس داخلہ ملنے سے جہاں طالبات خوشی سے سرشار تھیں وہیں ان کے سرپرست جذبات سے مغلوب تھے۔