ڈاکٹر سید تقی عابدی شعبہ اردو تلنگانہ کے وزیٹنگ پروفیسر

نظام آباد:26؍ مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ڈاکٹر اطہر سلطانہ صدر شعبہ اُردو کی اطلاع کے بموجب تلنگانہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر کے خصوصی آرڈر کے ذریعہ ڈاکٹر سید تقی عابدی حال مقیم کینڈا کو شعبہ اُردو تلنگانہ یونیورسٹی کا ’’وزیٹنگ پروفیسر ‘‘ مقرر کیا ہے۔ ڈاکٹر سید تقی عابدی ایک ممتاز محقق ، نقاد ، مایہ ناز ادیب، شاعر، دانشور اور ماہر تعلیم ، عالمی شہرت یافتہ شخصیت ہیں ۔ جن کا شمار اُردو ادب کی اہم شخصیات میں کیا جاتا ہے ۔ آپ 45 سے زیادہ کتابوں کے مصنف ہیں ۔ برصغیر کی کئی یونیورسٹیوں میں آپ کے تصانیف کے علاوہ توسعی لکچرس، خطبات و مذاکرات سے استفادہ کیا جاتا ہے ۔ علمی وادبی تحقیق کے سلسلہ میں ڈاکٹر سید تقی عابد کی مثال کوئی اور نہیں برصغیر سے دور بہت دور اُردو کی نئی بستیوں میں شعر و ادب کے جو چند چراغ ہیں ان میں آپ کا ایک اہم اور امتیازی نام ہے ۔ آپ نے ایسے موضوعات جن پر بہت کم لکھا گیا ہے تو جہ دی اور غیر معمولی تحقیق کے بعد تدوین و تالیف کرکے کئی کتابیں منظر عام پر لائیں ۔ جو شائد بہت کم سے ممکن ہوتا ہے ۔ آپ کی اس علمی ، ادبی و تحقیقی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے کیلئے شعبہ اُردو نے یہ سعی کی ہے کہ اس گوہر نایاب شخصیت کو تلنگانہ یونیورسٹی کے شعبہ اُردو سے وابستہ کریں ۔ تلنگانہ یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات میں شعبہ اُردو پہلا شعبہ ہے جس کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پہلا ’’انٹر نیشنل وزیٹنگ پروفیسر ‘‘ مقرر کیا گیا ہے ۔ آپ نے کسی معاوضہ کے بغیر قبول کیا ہے ۔ آپ گذشتہ چار پانچ سال سے مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے ’’وزیٹنگ فیلو ‘‘ بھی ہیں ۔