ڈاکٹر آصیفہ کو 18 میڈلس اور21 اسناد

حیدرآباد21جولائی (سیاست ڈاٹ کام)گولڈن بک آف ورلڈ ریکارڈس، ایشیاء بک آف ریکارڈس اورانڈیا بک آف ریکارڈس کی جانب سے حیدرآباد کی ڈاکٹر اصفیہ قادری کو ان کے عالمی ریکارڈ کے لئے مختلف زمروں میں جملہ 18میڈلس اور 21 توصیفی اسنادات سے نوازا گیا۔ ڈاکٹرآصفیہ قادری کے 1251 اسکولی جوتوں، موزوں اور متعلقہ اشیاء کی آج مینارگارڈن میں نمائش کی گئی جس میں گولڈ بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مسٹر منیش وشنوئی، ایشیا بک آف ریکارڈس اور انڈیا بک آف ریکارڈس کی مسز وسودا رانی، اسسٹ بک آف ریکارڈس کے ڈاکٹر سی ارون کے علاوہ باٹا انڈیا کے ریجنل منیجر مسٹر مرلی دھرن اور روزری کانونٹ اسکول کی پرنسپل سسٹر لنڈا نے شرکت کی۔ انہوں نے اپنی تقاریر میں آصفیہ قادری کے انوکھے اور منفرد ریکارڈس کے لئے انہیں اور ان کے ساتھ ان کے والدین ڈاکٹر علیم قادری اور عرشیہ علیم قادری کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے نہ صرف اپنی ہونہار بیٹی کے لئے سات برس تک ہر روز ایک نئے جوتے موزے کے خریدنے کا اہتمام کیا بلکہ اس سے زیادہ ا ہمیت اس بات کی ہے کہ ہر خریدی کے بل سے لے کر اس کی پیاکنگ کے ساز و سامان تک 27برس سے سنبھال کر رکھا جو خود اپنی جگہ ایک ریکارڈ ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر آصفیہ قادری نے اپنی تقریر میں کہا کہ انہیں ملنے والے اعزازات کے لئے اللہ رب العزت اور اس کے بعد اپنے والدین کے شکر گذار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا ارادہ کیا کہ وہ اپنے آباء و اجداد کی طرح قوم و انسانیت کی خدمت کرتی رہیںگی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حیدرآباد کی آصفیہ قادری نے مسلسل 1251 دن تک ہر روز ایک نیا اسکول شو (جوتا) سفید موزے پہننے کا جو عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا وہ 20برس سے برقرار ہے اور ابھی تک کسی نے اس ریکارڈ کو توڑنے کی کوشش نہیں کی۔ آصفیہ قادری جس نے روزری کانونٹ اسکول کی ایک طالبہ کے طور پر یہ ریکارڈ قائم شروع کیا تھا اب ڈاکٹر ہیں۔ آصفیہ قادری جو ڈاکٹر علیم قادری کی صاحبزادی ہیں‘ اِن کا جوتے، موزے، پلاسٹک کیری بیاگس، ٹرانسپیرنٹس فولڈرس، لیبلس، بیانڈس، پیڈنگ اسٹکس کا 9368 اشیاء کا کلکشنس ہیں۔