چیلمیڈہ میڈیکل کالج میں سمینار سے ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا کاخطاب
کریم نگر۔/14ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پرائمری ہیلت سنٹرس پر عوام کے اعتماد میں اضافہ کیلئے ڈاکٹرس طبی خدمات فراہم کریں۔ تلنگانہ ریاست نائب وزیر اعلیٰ ٹی راجیا نے یہ بات کہی۔ کریم نگر منڈل جوماکل موضع میں چیلمیڈہ آنند راؤ میڈیکل کالج میں جاری سہ روزہ سمینار کان، ناک، حلق کے ڈاکٹروں کے 23 ویں ریاستی سمینار میں ہفتہ کی شب منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ ڈاکٹرس تجارتی سوچ و فکر کے بجائے خدمت خلق کے جذبہ کے تحت خدمات انجام دیں۔ اس موقع پر انہوں نے کان، ناک اور حلق کے ڈاکٹرس کے مرتب کردہ ساونیر کی رسم اجراء انجام دی۔ کچھ ڈاکٹرس کو تہنیت پیش کی گئی۔ بعد ازاں منعقدہ تقریب میں ٹی راجیا نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی خوش اخلاقی صبر و سکون کے ساتھ طبی خدمات کی انجام دہی میں مصروف ڈاکٹروں کا عوام میں کافی بلند مقام حاصل ہوتا ہے اور عوام میں ان کی عزت ہوتی ہے۔ ڈاکٹرس اپنے تعلیمی زمانے میں کافی محنت سے پڑھیں اس کے ساتھ سند کے حصول کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمت ملنے پر کم تنخواہ اور کوئی پہچان نہیں رہتی سمجھتے ہوئے خانگی طور پر پریکٹس کرتے ہوئے جتنی توجہ دے رہے ہیں سرکاری دواخانوں میں دوران ملازمت وہ اس طرح کی توجہ نہیں دے رہے ہیں یہ طریقہ صحیح نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس وقت کی پابندی کریں اور کسی بھی پرائمری ہیلت سنٹرس میں وقت کی پابندی اور ذمہ دارانہ طور پر خدمات انجام نہیں دی جارہی ہیں جس پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے بھی ابتداء میں سرکاری ڈاکٹر کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے مشورہ دیا کہ ڈاکٹرس عوامی خدمت کے جذبہ کے تحت طبی خدمات انجام دیں اور اس کے بعد اپنے حقوق کے لئے جدوجہد کریں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے سرکاری دواخانوں میں آئندہ پانچ سال میں کارپوریٹ سوپر اسپیشالیٹی دواخآنوں کی سطح تک ترقی دینے کے لئے چیف منسٹر کے سی آر کوشش کررہے ہیں۔ پرائمری ہیلت سنٹرس میں 4ڈاکٹرس ، 30 بستروں کی گنجائش والا ضلع مستقر پر نمس کی طرح کا دواخانہ ہوگا۔ اسمبلی حلقہ کے لئے 100بستروں کا دواخانہ ہوگا۔ تلنگانہ جدوجہد میں جس جذبہ سے حصہ لیا گیا تھا اسی طرح تلنگانہ کی تعمیر نو میں بھی خدمات انجام دینے کا انہوں نے مشورہ دیا۔