ڈاٹا ونڈ کا شمس آباد ایرپورٹ میں کے ٹی راما راؤ کے ہاتھوں افتتاح

شمس آباد ۔ /18 نومبر (سیاست نیوز) راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد میں انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی منسٹر کے ٹی راما راؤ نے ڈاٹا ونڈ (Data Wind) مینوفیکچرنگ سہولت کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر کے ٹی راما راؤ نے اپنی مخاطبت میں کہا کہ ڈاٹا ونڈ کے آغاز کے ساتھ انٹرنیٹ سہولت میں آسانی ہوگی جس کے لئے تلنگانہ حکومت مکمل تعاون کرے گی ۔ انہوں نے نیت سنگھ ڈاٹا ونڈ کے مالک اور ایس بی کے کشور چیف ایگزیکٹیو آفیسر GHIAL کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کے آغاز سے تقریباً چھ سو افراد کو ملازمت فراہم ہوئی ہے اور جیسے جیسے کمپنی ترقی کرے گی روزگار کے موقع بھی فراہم ہوں گے اور ریاست کی معیشت میں بھی اضافہ ہوگا ۔ تلنگانہ ریاست میں دنیا کے کئی ممالک کمپنیاں قائم کرنے جارہے ہیں ۔ تمام کو حکومت کی جانب سے تعاون فراہم کیا جارہا ہے اور مزید کئی کمپنیاں بہت جلد قائم ہوں گی ۔ گزشتہ سال ریاست کو تیرھواں (13) مقام حاصل تھا لیکن ترقی کرتے ہوئے ریاست جاریہ سال ترقی میں اول مقام حاصل کیا ۔ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست مزید ترقی کرے گی ۔ ریاست میں آئی ٹی ، ڈپلوما ، ڈگری کامیاب طلباء کی تعداد لاکھوں میں ہے ۔ جن کو روزگار فراہم کرانا حکومت کا فرض ہے ۔ ڈھائی سال میں ریاست میں کئی ترقی ہوئی جس سے ملک میں ہماری ریاست مثال بن چکی ہے اور اب ہمیں ترقی کرتے ہوئے دنیا کے لئے بھی مثال بننے کی ضرورت ہے ۔ ایس جی کے کشور چیف ایگزیکٹیو آفیسر GHIAL نے کہا کہ ڈاٹا ونڈ ایک کینیڈا کمپنی ہے جو حیدرآباد میں قائم ہورہی ہے ۔ شمس آباد ایرپورٹ میں کئی مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے ۔ جس سے ایرپورٹ ملک کا پہلا ایرپورٹ بن گیا ہے ۔ کینیڈا سے شمس آباد ایرپورٹ کے بہتر تعلقات ہے جس سے ہمیں امید ہے کہ وہ یہاں مزید کمپنیاں قائم کریں گے ۔ ہائی کمشنر آف کینیڈا نے کہا کہ کینیڈا کے ہندوستان کے ساتھ مضبوط تعلقات ہے جس کی وجہ سے کینیڈا ہندوستان میں تجارتی ادارے قائم کرتے ہوئے ترقی کررہی ہے ۔ اس موقع پر کے ٹی راما راؤ نے ڈاٹا ونڈ کے ملازمین سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور ان سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔