ڈالمیا کے جانشینی کیلئے رسہ کشی ،الیکشن کا امکان

امیتابھ چودھری ایسٹ زون کے امیدوار،ایک اعلیٰ بورڈ عہدیدار کا بیان ۔ شردپوار اور راجیوشکلا کے نام بھی زیرگشت
نئی دہلی ۔ 22 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ویٹرن اڈمنسٹریٹر جگموہن ڈالمیا کے اچانک انتقال نے بی سی سی آئی کو منتشر گھر میں تبدیل کردیا ہے جس میں ایسٹ زون کی یونٹس نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ خود اپنے امیدوار کو آگے بڑھائیں گے ، جس نے جانشینی کی پرتجسس جدوجہد کو نیا موڑ دیدیا ہے ۔ ایسٹ زون کی یونٹس عین ممکن ہے کہ جھارکھنڈ کے جوائنٹ سکریٹری امیتابھ چودھری کو صدر بی سی سی آئی کے عہدہ کیلئے اپنے امیدوار کے طورپر پیش کریں گے ۔ اگرچہ شردپوار اور راجیو شکلا کے نام زیرگشت ہیںلیکن دونوں تجربہ کار سیاستدانوں کیلئے شاید یہ آسان نہیں ہوگا کہ ایسٹ زون سے اُنھیں کوئی تجویز کرنے والا اور پھر تائید کرنے والا حاصل ہو جہاں جملہ 6 ووٹ بنگال ، آسام ، جھارکھنڈ ، اڈیشہ ، تریپورہ اور نیشنل کرکٹ کلب (این سی سی) کے ہیں ۔ اس مرحلہ پر پورا امکان ہے کہ اگر شکلا یا پوار انتخابی میدان میں کود پڑتے ہیں تو الیکشن ہوگا اور کوئی متفقہ انتخاب سامنے نہیں آئے گا ۔ جہاں تک پوار کا معاملہ ہے سابق آئی سی سی اور بی سی سی آئی سربراہ موجودہ طورپر حالات کا جائزہ لے رہے ہیں

اور اپنی امیدواری اُسی صورت میں پیش کریں گے بشرطیکہ اُنھیں کم از کم 16 ووٹ حاصل ہوجانے کا یقین رہے جس کیلئے اُنھیں حکومت کی تائید درکار ہوگی ۔ کسی بھی صورت میں انتخابی سیاست کے ویٹرن پوار عام طورپر طویل اور سخت غور و خوض کے بعد فیصلہ کرنے کیلئے مشہور ہیں ۔ ایسٹ زون کے عہدیداروں کی گزشتہ دو دنوں میں ایک دوسرے کے ساتھ غیررسمی گفتگو ہوئی ہے اور وہ اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ 2017 ء تک صدر کوئی ایسا شخص ہونا چاہئے جس کا تعلق خود اُن کے اپنے زون سے ہو ۔ ایسٹ زون سے تعلق رکھنے والے بی سی سی آئی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ایسٹ زون کی ریاستوں کی خواہش ہے کہ اُن کے زون سے ہی کسی کو صدر بنایا جائے ۔ فی الحال امیتابھ چودھری اس معاملہ میں موزوں شخصیت معلوم ہوتے ہیں۔ سینئر ایسٹ زون عہدیدار نے کہاکہ امیتابھ آئی پی ایس آفیسر رہے ہیں ، اُنھوں نے جھارکھنڈ کرکٹ اسوسی ایشن کا انتظام سنبھالا ، اے جی ایم میں شرکت کی ہے اور موجودہ طورپر بورڈ کے عہدیدار ہیں۔ کم از کم 4 ایسٹ زون یونٹس امیتابھ کی اُمیدواری کی تائید کریں گی ۔ ہمارا استدلال ہے کہ 2017 ء تک صدر کو ایسٹ زون سے ہی ہونا چاہئے ۔ اگر نہیں تو الیکشن کے امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ آپ اتنا یقین رکھیں کہ اگر پوار الیکشن لڑتے ہیں تو سی اے بی اور این سی سی ( جو ایک اعتبار سے ڈالمیا کی فیملی کا کلب ہے ) اُن کیلئے ووٹ نہیں دیں گے ۔ اس صورتحال میں ڈالمیا کے جانشین کا انتخاب مشکل تر ہوجائے گا ۔