کراچی۔3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیرمین پی سی بی 5 مارچ کوہندوستان جائیں گے۔ پی سی بی کے مطابق شہریار خان ہندوستان میں بی سی سی آئی کے نو منتخب صدر جگموہن ڈالمیا سے ملاقات کرینگے۔ چیرمین پی سی بی شہر یار نے اس ضمن میں کہا ہے کہ جگموہن ڈالمیا سے ہند۔پاک کرکٹ کی بحالی اور سیریز پر بات ہوگی۔ ڈالمیا سے ماضی میں بھی اچھے تعلقات تھے اور آئندہ بھی رہینگے۔ دریں اثنا چیف سلیکٹر معین خان کی چیئر مین شہریار خان سے ملاقات نہ ہوسکی۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق ملاقات معین خان کی نجی مصروفیات کی بنا پر ملتوی کی گئی، جو عنقریب متوقع ہے۔ یاد رہے کہ شہریار خان نے کسینو تنازعہ سامنے آنے کے فورا بعد ٹیم مینیجر نوید اکرم چیمہ کو تحقیقات کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم پھر پی سی بی چیئرمین نے معین خان کو واپس طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا تھااور معین خان ورلڈ کپ کے دوران ہی ٹیم کو چھوڑ کر وطن واپس آچکے ہیں۔