چینائی ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) معمرکرکٹر اور ایڈمنسٹریٹر جگ موہن ڈالمیا آج متفقہ طور پر بی سی سی آئی کے صدر منتخب ہوئے ہیں جبکہ این سرینواسن کے خیمہ کو آج اس وقت شدید دھکا لگا جب ان کے امیدوار سنجے پٹیل کو سکریٹری کے عہدہ کیلئے انوراگ ٹھاکر کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔ بی سی سی آئی کا سالانہ اجلاس یہاں منعقد ہوا جس میں بورڈ کے نئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں آیا۔ ہماچل پردیش اسوسی ایشن کے صدر انوراگ کی کامیابی غیرمتوقع نتیجہ رہا جبکہ این سرینواسن نے سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد صدر کے عہدہ کیلئے انتخاب نہیں لڑا۔ جھارکھنڈ کرکٹ اسوسی ایشن کے امیتابھ چودھری جوائنٹ سکریٹری منتخب ہوئے۔ دریںاثناء تین نائب صدور کے عہدوں کیلئے آندھرا کے گورکراج رانگاراجو (ساوتھ زون)، آسام کے گوتم رائے (ایسٹ) ایم ایل نہرو جموں کشمیر کے ذریعہ نارتھ زون کی نمائندگی کررہے ہیں۔