ڈائری لکھنا ایک بہت ہی صحت مند سرگرمی ہے ۔ اس مقصد کیلئے آپ کو کسی بھی طرح کی امدادی اشیاء کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ نہ ہی یہ سلائی بنائی کی طرح کوئی محنت طلب کام ہے ۔
بس ایک ڈائری اور پین ۔ ڈائری اپنے آپ میں ایک الگ دنیا ہے ۔ روز مرہ کی مصروفیات اور چھوٹی چھوٹی باتوں کو قلمبند کرنا یوں تو ایک غیر اہم بات لگتی ہے ‘ لیکن جب یہی تحریر چند دنوں کے بعد ملاحظہ کی جاتی ہے تو یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ماضی کا سرمایہ لگتی ہیں ۔ اپنی ڈائری میں آپ اپنے خیالات ‘ احساسات ‘ بچوں کی ننھی ننھی باتیں کہ بچے نے کب بولنا شروع کیا ۔ کب چلنا شروع کیا ‘ کونسی شررات آپ کو بہت اچھی لگی ‘ کس بات پر آپ کو ڈر محسوس ہوا ۔ ڈائری لکھنے کیلئے آپ کو وقت نکالنے کے ضرورت نہیں ہوتی ۔ بلکہ دن بھر میں جب بھی فارغ لمحات میسر ہوں تو ڈائری لکھنے بیٹھ جائیں ۔ عام طور پر رات کے وقت ڈائری لکھنا زیادہ بہتر ہوتا ہے ۔ روزانہ ممکن نہ ہو تو ایک یا دو دن کے وقفہ دے کر بھی ڈائری لکھی جاسکتی ہے ۔ڈائری ایک طرح سے آپ کے جذبات کو واکرنے کا ذریعہ ہوسکتی ہے ۔ اپنے احساسات اور جذبات کو ضبط تحریر میں لا کر انسان خود کو پرسکون محسوس کرتا ہے